(پریس ریلیز)
میرٹھ12/ اپریل2024ء
شعبہ اردو، چو دھری چرن سنگھ یو نیورسٹی کی ریسرچ اسکالرفرح ناز کو چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ نے ان کے مقالے”1980ء کے بعد اردو میں طنزو مزاح“ پر پی۔ایچ۔ ڈی کی ڈگری تفویض کی ہے۔فرح ناز نے اپنا مقالہ شعبہ اردو کے صدر اور معروف ادیب و فکشن نگار پروفیسر اسلم جمشید پوری کے زیر نگرا نی مکمل کیا ہے۔ان کا وائیوا شعبہ اردو کے پریم چند سیمینار ہال میں صدر شعبہ اردو، اساتذہ کرام اور شعبے کے طلبہ و طالبات اور دیگر مہمانان کی مو جود گی میں معروف شاعر و ادیب اور سابق صدر شعبہئ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی پروفیسرشہپر رسول نے لیا۔پروفیسرشہپر رسول نے فرح ناز سے ان کے مقالے کے تعلق سے مختلف سوالات کیے جس کے جوابات فرح ناز نے نہایت تسلّی و تشفی سے دیے،ساتھ ہی ہال میں موجود دیگر طلبہ و طالبات کے سوالوں کے جوابات بھی فرح ناز نے نہایت عمدگی سے دیے۔
واضح ہوفرح نازنے اپنے مقالے میں 1980ء کے بعد اردو میں طنزو مزاح نگاری کے فن میں ہونے والی تبدیلیوں کو بڑی حسن و خوبی کے ساتھ پیش کیا ہے اور اپنی بات کو واضح کرنے کے لیے انہوں نے جدید طنز و مزاح نگاری کا تقابل اردو میں طنزو مزاح کے ابتدائی نقوش کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے اس میں ہونے والے ہیئت، موضوعات، اسلوب وغیرہ کے اعتبار سے فنی خوبیاں واضح کی ہیں۔ فرح ناز نے اپنے مقالے میں یہ بھی بتایا کہ طنزو مزاح نے اپنے ماضی سے بھرپور استفادہ کیا ہے، مگر آج کا طنزو مزاح پہلے کے مقابلے میں زیادہ بے باک اور بے خوف معلوم ہوتا ہے۔آج نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح کے موضوعات کو بھی ہمارے طنزو مزاح نگار بے خوف زیر قلم لارہے ہیں اور آج کا اسلوب پہلے کے مقابلے زیادہ سلیس، رواں اور شفاف ہے۔
اس موقع پر فرح ناز کو ممتحن سمیت شعبے کے اساتذہ، ڈاکٹر آصف علی، ڈاکٹر شاداب علیم، ڈاکٹر ارشاد سیانوی، ڈاکٹر الکا وششٹھ اور ڈاکٹر شبستاں آس محمد، ڈاکٹر نوید خان، ڈاکٹر تابش فرید،سیدہ مریم الٰہی، عظمیٰ سحر،شہناز پروین، محمد شمشاد اور سعید احمد سہارنپوری اوران کے ہم جماعت ساتھیوں اور عزیز و اقارب نے مبارک باد پیش کی۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page