قارئین !
اتنے کم وقت میں ادبی میراث کو جو پیار آپ نے دیا ہے اس کے لیے ہم شکریہ ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ ادبی میراث کے مقاصد کی جانب میں نے اپنے پہلے اداریے میں گفتگو کی تھی۔ اس کا مقصد طلبا برادری کو مواد فراہم کرانا ہے۔ ادبی میراث ایک ایسی ویب سائٹ ہے جہاں نئے پرانے ادیب و دانشور کو ایک ساتھ جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ہم اپنے بزرگوں کی تحریروں سے استفادہ کریں اور بزرگ ہماری تحریروں میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہماری اصلاح بھی ہو اور ہمارے اندر پختگی بھی آئے۔
دوستو!
آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم ادبی میراث ویب سائٹ پر ایک نئے سیریز کی تیاری کررہے ہیں۔ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے اکتوبر 2020 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قیام کو سو برس مکمل ہوجائیں گے۔ جامعہ برادری کے لئے یہ بات باعث مسرت ہے کہ ہمارے بزرگوں نے ایک صدی قبل جو خواب دیکھا تھا اور اس کے لئے جو بیج انھوں نے 29 اکتوبر 1920 کو بویا تھا آج ہم اس کے صدی سال میں داخل ہو چکے ہیں ۔ "ادبی میراث” اپنے بزرگوں کے انھیں نقش پا کو تلاش کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور قومی تعلیم میں اس ادارہ کی ساجھے داری کے اعتراف کے ساتھ ، اس لا زوال ادارے کے گیسو کو سنوارنے والے بزرگوں کی حیات و خدمات پر ایک ساجھی وراثت کے تحت سیریز چلائے گی ، جس میں 20 اکتوبر 2020 سے 31 اکتوبر 2020 تک ہر دن کم از کم ایک مضمون شائع کیا جائے گا ۔ اس سیریز کا مقصد نئی نسل اور خصوصی طور پر برادران وطن کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تاریخ ، اس کی روایت اور ملک و ملت کے لئے اس ادارہ کی گراں قدر خدمات سے روشناس کرانا ہے ۔ ہم اہل علم ، دانشور حضرات اور محققین و مصنفین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور 15 اکتوبر 2020 تک ادارہ کو اپنی تخلیقات (مضامین ، فیچرس، یادداشت ، ڈائری) کی شکل میں ہماری ای میل adbimiras@gmail.com پر روانہ فرمائیں تاکہ اسے جلد از جلد شائع کیا جا سکے ۔
ہم اس صدی تقریبات کو یاد گار بنانے کی ایک کوشش کررہے ہیں ۔یہ سیریز تبھی کامیاب ہو سکتی ہے جب آپ کا تعاون ہمیں ملے گا۔ اگر ہم اس سیریز میں کامیاب ہوتے ہیں تو آئندہ بھی اس قسم کی سیریز کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
شکریہ
ڈاکٹر نوشاد منظر
مدیر، ادبی میراث