صوفیاء اور ان جیسے دوسرے مسلم بزرگوں کو خدا کا عاشق، دوست یا ولی کہا جاتا ہے۔ ان کا معاملہ دل کا معاملہ ہے جو اسے خدا سے جوڑتا ہے اور انسان اور انسان کے رشتے کو مستحکم کرتا ہے۔ صوفی اس عمل کو نہایت خوبصورتی سے کرتے ہیں، اور یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ ہر چیز خدا کی بنائی ہوئی ہے اس لئے خدا کا نور ہر چیز میں پایا جاسکتا ہے۔صوفیاء کی یہ نیک فکر ان کی زندگیوں اور اصولوں میں حسن و جمال کی روح پھونک دیتی ہے، حالانکہ بعض اوقات ان کا غضبناک رویہ ان کے مخالفین اور حریفوں کو مات بھی دے سکتاہے۔ عام طور پر صوفیاء کرام اپنی کرشمائی قوت یا کرامت کو اپنے پیروکاروں اور عقیدت مندوں کے فائدے کے لیے استعمال کرتے تھے اور اسی وجہ سے عقیدت مند انہیں غریب نواز اور گنج بخش جیسے ناموں سے پکارتے رہے ہیں۔تصوف اور طریقت کا آغاز اسلام کے عروج کے دو سو سال کے اندر (7ویں-8ویں صدی میں) اموی اور عباسی خلفاء میں، مروجہ دنیا پرستی اور مادیت کے خلاف روحانی مزاحمت کی ایک شکل کے طور پر ہوا۔ ابتدائی دور میں بایزید بسطامی، رابعہ بصری اور حسن بصری جیسے نامور ہستیوں نے روحانی مراقبہ اور ریاضتوں کے ذریعے خدا کو پانے کی کوشش کی۔ ان لوگوں نے اپنے آپ کو خدا کا سچا عاشق کہا، اور دوسرے مذہبی پیشواؤں کی مذہبی رسومات کو منافقت قرار دیا، حالانکہ ان لوگوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسان کو ہمیشہ اپنے گریبان کا محاسبہ کرتے ہوئے اسے پاک رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔رہبانیت جیسے یہ مسلم راہب اپنی کرشماتی شخصیت کی وجہ سے مقبول تھے۔ یہ راہب بعد میں صوفی کے نام سے مشہور ہوئے اور مشہور روحانی احکامات میں منظم ہوئے، جن کی اپنی مخصوص روایات تھیں۔ صوفیاء کے ان سلسلے کی مختلف شاخیں اور ذیلی شاخیں اسلام اور مسلم معاشروں کے ساتھ اسلامی دنیا – عرب، افریقہ، اسپین، ایران اور وسطی ایشیا میں پھیلتی رہیں۔ صوفی جہاں بھی گئے، وہاں کے رنگوں میں رنگ گئے۔ ایک ہی وقت میں، تمام تر اختلافات کے باوجود انہوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے راستے پر چل کر خدا کو تلاش کرنے کا عزم کیا اور اگرچہ وہ شیعہ مسلمان نہیں تھے لیکن ان میں سے اکثر نے اپنا تعلق حضرت علی کی عظمت سے جوڑا اور ان کی عظمت کے گیت گائے۔ بعد کی قوالی روایات کی بہترین مثالوں میں سے: ‘دمادم مست قلندر، علی کا پہلا نمبر…اس طرح، 13ویں صدی کے اوائل میں دہلی سلطنت کے قیام سے پہلے ہی، صوفی ازم اسلام کا ایک مرکزی دھارا بن چکی تھی۔ درحقیقت، فارسی میں لکھی گئی صوفی ادب کی پہلی بڑی نثری تحریر، کشف المحجوب، شیخ علی ہجویری داتا گنج بخش گیارہویں صدی میں ہی غزنوی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں لکھ چکے تھے۔ نیز یہ کہنا بھی مبالغہ آرائی نہیں ہے کہ فارسی میں لکھے گئے صوفی ادب کا ایک بڑا حصہ برصغیر ہند و پاک میں تحریر کیا گیا ہے اور اس ادب کی تاریخ تقریباً ایک ہزار سال پرانی ہے۔برصغیر کے مختلف خطوں میں پھیلے صوفیاء کے سلسلے میں سے چار خاص طور پر اہم ہیں۔ ان میں سے دو، چشتی اور سہروردی، سلطنت کے دور میں مشہور ہوئے۔ باقی دو، قادری اور نقشبندی مغلیہ دور کے آغاز سے پروان چڑھے۔ ابتدا میں، صوفی رہنما (شیخ، خواجہ، پیر یا بابا) اپنے پیروکاروں کو تصوف کے طریقے سکھانے اور تربیت دینے کے لیے اپنی رہائش گاہوں میں رہتے تھے، جنہیں خانقاہ یا جماعت خانہ کہا جاتا تھا۔ وہ خود اپنی روحانی خوبیوں کی وجہ سے خدا کے قریب سمجھے جاتےتھے، اور اس طرح لوگوں کا ایک ہجوم ان سے فیض یاب ہونا چاہتا تھا۔ بعد کی صدیوں میں، ماضی کے نامور صوفیاء کے مزارات مقبول صوفی روحانیت کا مرکز بن گئے۔ صوفیاء کی ان خانقاہوں اور درگاہوں نے معاشرے میں رائج ہر قسم کی تفریق اور درجہ بندی کو توڑ کر زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا اور ان کی دعاؤں اور دکھ بھرے قصے سننے کے لیے ایک روحانی پلیٹ فارم مہیا کیا۔صوفیاء کے یہ مراکز بالآخر ہندوستان کے مقدس جغرافیہ کی ایک شاندار جھلک پیش کرتے ہیں، جہاں جمعہ کی رات کے ہفتہ وار بابرکت ماحول کے علاوہ سالانہ عرس (جو کہ صوفیاء کی برسی ہے، گویا صوفیا اپنے محبوب خدا سے مرنے کے بعد مل گئے ہیں۔) لاکھوں عقیدت مند، جن کے لیے مسلمان ہونا شرط نہیں زیارت کرتے ہیں۔ اس موقع پر پھول اور چادر چڑھا کر،اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں مانگتے ہیں، دل کو چھو لینے والی قوالیاں سنتے ہیں۔ اور لنگر میں تقسیم کی جانے والی کھچڑی کو تبرک سمجھ کر نوش کرتے ہیں۔ اوریہ یقین رکھتے ہیں کہ خواجہ سب کی بگڑی بناتے ہیں: ‘خواجہ، میرے خواجہ، خواجہ، خواجہ جی، یا غریب نواز…’ چشتی صوفیاء میں پانچ خواجہ ،معین الدین چشتی اجمیری، قطب الدین بختیار کاکی (مہرولی، دہلی)، فرید الدین گنج شکر (اجودھن، پاک پتن، پنجاب)، محبوب الٰہی نظام الدین اولیاء (دہلی) اور ناصر الدین چشتی (دہلی)۔ تصوف کے بانی تھے ،تاریخ میں آج بھی ان کو خصوصی حیثیت حاصل ہے۔ان کے علاوہ ہر دور اور ہر جگہ عظیم صوفی بزرگ گزرے ہیں جن کی یادوں سے عقیدت مندوں کے دلوں کو سکون ملتا ہے، جن کے سہارے وہ خوش و خرم زندگی گزارتے ہیں۔ یہ بھی ایک عام خیال ہے کہ صوفی درگاہوں یا درویشوں اور فقیروں سے حاصل ہونے والے تعویذ بھی وہی تاثیر رکھتے ہیں۔ یہ سب قرآنی آیات کی مقبول تعبیر پیش کرتے ہیں۔صوفیاء کا عقیدہ تھا کہ روح اور الٰہی کو ملا کر انسانوں کو خدا کے قریب لایا جا سکتا ہے اور انسان اور انسان کی تفریق کو ختم کر کے ایسا ماحول بنایا جا سکتا ہے جسے وحدت الوجود یا توحید جیسے اصولوں سے سمجھا جا سکے۔ جہاں یہ عقیدہ صوفیوں کو غیر مسلم روحانی نظریات کے قریب لے آیا، سنی اسلام کے علمبرداروں (سلطنت اور مغل دور کے علماء) نے ان پر اسلام کے بنیادی اصولوں سے انحراف کا الزام لگایا۔ علماء نے توحید پر اصرار کیا، اور وہ خدا کے ساتھ کسی کو شریک کرنا ،یا کسی انسان کو خدا کی شکل سمجھنے کو بدعت، شرک یا صریح غیر اسلامی عقائد کہہ کر ختم کردینا چاہتے تھے۔ منصور حلاج کا قتل صوفیاء کے لیے ایک عبرت ناک مثال تھی کہ ان کے روحانی تجربات اور عقائد کا ڈھنڈورا پیٹنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ حالانکہ صوفی اس کے باوجود اپنا کام کرتے رہے۔علماء کا ایک بڑا الزام یہ بھی تھا کہ صوفیا نہ صرف پابندیوں کے ساتھ نمازوں ( مسجد میں پنج وقتہ نماز) سے غیر حاضر رہتے تھے بلکہ ان کے روحانی طریقوں میں غیر اسلامی یوگ اور مختلف منتروں کو بہت اہمیت دی جاتی تھی۔ یہ سچ ہے کہ امرت کنڈ، صوفی یوگ پر قرون وسطیٰ کا متن، مکمل طور پر چاٹ گیا تھا۔ علمائے کرام نے فتویٰ مانگ کر صوفی موسیقی اور محفل سماع یا قوالی جیسے رواج پر حملہ کیا۔ لیکن وہ قوالی پر ہمیشہ کے لیے پابندی نہ لگا سکے۔ آج کی ہندوستانی کلاسیکی موسیقی قرون وسطیٰ کے صوفیوں کا تحفہ ہے اور اسی تناظر میں نظام الدین اولیاء کے پسندیدہ شاعر امیر خسرو کا نام بار بار آتا ہے۔ بڑے سے بڑے قوال بھی اپنے آپ کو خسرو کی اولاد کہنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔اس کے علاوہ صوفیاء نے ہندوستانی مقامی زبانوں اور ادب (پنجابی، اردو، ہندی وغیرہ) کے عروج و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح صوفیاء نے زبان، ادب، موسیقی، یوگ اور توحید وغیرہ کے ذریعے لوگوں کو جوڑنے کا کام کیا۔ کبیر اور بابا نانک جیسے سنتوں اور گرووں نے بھی قرون وسطی میں ہی اس کام کو آگے بڑھایا۔دیگر بھکتی سنتوں، خاص طور پر نرگن روایت کی پیروی کرنے والے گرووں نے بھی اس عمل میں نمایاں حصہ لیا۔ ہم آہنگ کمیونٹیز ہندو اور مسلم روایات کے امتزاج سے ابھری ہیں، حالانکہ مذہب کی گندی سیاست انہیں جنونی مذہبی فرقوں میں تقسیم کر دیتی ہے۔صوفیاء کے غیر مسلموں کے ساتھ قریبی تعلق کا ایک نتیجہ ان کے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد کی اسلامائزیشن اور تبدیلی مذہب بھی تھا، جو صدیوں تک جاری رہنے والے ثقافتی عمل کے ذریعے ممکن ہوا، حالانکہ اکثر صوفیوں نے یہ کام کسی ایجنڈے کے تحت نہیں کیا، اور نہ ہی کیا اس نے مسلمان سلاطین اور شہنشاہوں کی طاقت کو اس کے لیے استعمال کیا۔ اس کے برعکس، زیادہ تر صوفیوں نے اقتدار کی حاکمیت کو تسلیم کرتے ہوئے خود کو اقتدار کے لالچ سے دور رکھا۔ لیکن کچھ سلسلہ (جیسے نقشبندی) اور صوفیاء نے اقتدار کے قریب ہو کر اسے ذاتی طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔قرون وسطی کے ہندوستان کی سیاست اور معاشرے میں صوفیاء کی اہم موجودگی کو سمجھنے کے لیے ان کے ادب کا ایک وسیع ذخیرہ کافی ہے۔ صوفیاء کے فارسی اور مقامی یا علاقائی زبانوں میں لکھے گئے ادب میں خاص طور پر اہم ہیں: صوفیاء کے ملفوظات (روحانی مکالمے)، )، ان کے مکتوبات (خاص طور پر پیروکاروں کی تربیت کے لیے لکھے گئے خطوط)، صوفیانہ تحریریں جو روحانی روایات پر فکری طور پر عکاسی کرتی ہیں، صوفیاء کی عقیدت، سوانح عمری (تذکرے)، اور خود صوفیاء کے بنائے ہوئے روحانی گیت۔ صوفیاء نے عظیم داستانیں لکھنے کی ایک نئی روایت شروع کی، جس میں پرانی داستانوں اور عشقیہ داستانوں کا احاطہ کیا گیا، جن کی کچھ شکلیں عقیدت و احترام سے لبریز عوام کے جذبات کو متاثر کرتی تھیں۔ بدقسمتی سے بعد میں یہ جذبات سیاسی زیادتی کا شکار ہوتے چلے گئے۔ اس کے علاوہ چونکہ صوفی یا تو سیاسی طاقت اور جوڑ توڑ سے مکمل طور پر کٹ چکے تھے، یا ان میں مکمل طور پر شامل ہو گئے تھے، یا درمیانی راستہ اختیار کیا اور وقتاً فوقتاً مداخلت کی، اس لیے ان تمام حالات میں درباری ادب بھی ان کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتا ہے۔دور جدید میں بھی صوفیاء کی تاریخ پر اچھا کام ہوا ہے، حالانکہ ابھی بہت کام ہونا باقی ہے۔ عزیز احمد، محمد حبیب، خلیق احمد نظامی، سید اطہر عباس رضوی، مظفر عالم، کارل ارنسٹ، بروس لارنس، رچرڈ ایٹن اور سائمن ڈگبی جیسے نامور مورخین کے علاوہ، حالیہ برسوں میں نائل گرین اور سکاٹ کوگل نے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ صوفی تاریخ کی تفہیم کو آگے بڑھایا۔ میں خود اس شعبے میں گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے کام کر رہا ہوں۔کہیں اس مضمون میں تعظیم کی خوشبودار پنکھڑیاں مہک رہی ہوں اور کہیں ہندی کا ادبی موڈ جگمگا رہا ہو، لیکن کہیں بھی تاریخ، تحقیق و تصنیف کے پروٹوکول کو نظر انداز نہیں کیا گیا ہے ۔ تصوف کے مورخ کا فرض ہے کہ وہ صوفی ادب سے نکلنے والے حقائق کو درست طریقے سے پیش کرے۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page