اورنگ آباد 11/نومبر
بھارت رتن مولانا ابولکلام آزاد کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ آپ ایک عظیم مفسر ، مجاہد آزادی، صحافی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم تھے ۔ آپ کانگریس پارٹی کے سب سے کم عمر صدر رہ چکے ہیں۔ جنگ آزادی کی کوئی بھی تاریخ ،کوئی بھی گوشہ آپ کے تذکرہ کے بغیرممکن نہیں ہوسکتاہے۔
مولنا نے اپنے مشہور زمانہ اخبار ’’الہلال ‘‘ 13؍ جولائی 1912میں کلکتہ سے جاری کیا۔ اخبار کیاتھا برطانوی سامراج کے خلاف ایک تحریک تھی۔اس اخبار کے شائع ہوتے ہی ملک میں ہل چل مچ گئی ،لوگوں میں برطانوی حکومت کے مخالفت میں شدت آگئی ہے۔ جس کی بنا پر انگریزوں نے الہلال اخبار کو بند کرادیا،پریس ضبط کرلیا گیا۔ پھر دوبارہ 1914میں حکومت بنگال نے 14-21اکتوبر کا مشترکہ شمارہ ضبط کیا۔ اخبار کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ دو آنہ کا اخبار دوروپے میں فروخت ہوتاتھا۔ لوگ بلیک میں اسے خریدتے تھے۔ الہلال ملک کا پہلا اردو باتصویر اخبار تھا۔الہلال میں اس وقت کی عالمی خبریں شائع ہوتی تھیں جس کسی بھی ملکی اخبار میں نہیں ہوتی تھیں۔
مولانا ابوالکلام آزاد کے مشہور اخبار ’الہلال ‘‘کے اصلی 50 شمارے جو 1913
اور 1914 کے ہیں ،اورنگ آباد شہرکے مشہور فلاحی و تعلیمی تنظیم ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے دفتر مرزا ورلڈ بک ہاؤس اورنگ آباد میں شائقین کے دیدار کے لیے دستیاب ہے.
معروف ،اردو کے بے لوث خادم مرزاعبدالقیوم ندوی نے بتایا کہ انہوں ایک کتب فروش سے ان نایاب شماروں کو بھاری قیمت میں خریدا تھا اب ان کے ذاتی کتب خانہ میں موجود ہیں۔ مولانا ندوی نے ہمارے نمائندے کو یہ بھی بتایاکہ کس طرح انہوں نے مسلسل پانچ سال کی جدو جہد کے بعد دہلی کے ایک تاجر سے ’’الہلال ‘‘ کی دوفائلیں خطیر رقم دے کر حاصل کیے ہیں۔
الہلال کے ان شماروں میں عالمی سیاست، علمی ترقی ، سائنسی ایجادات ، آثار قدیمہ کی خبریں ، اسلامی تحریکیں و شخصیتوں کے کارناموں کی تفصیل اور ان کی خدمات کا تذکرہ کیاہے۔
شخصیات میں مشہور عالم ،اتحاد اسلامی کے علمبر دار ،داعی جمال الدین افغانی کی زندگی اور ان کے ذریعہ کیے گئے کاموں اور قربانیوں کا تفصیل سے تذکرہ کیاگیاہے۔ مصری عالم شیخ محمد عبدہ، خالدہ ادیب خانم، خلافت عثمانیہ ،جنگ طرابلس و بلقان کی خبریں ساتھ ہی پہلی عالمی جنگ کا تمام تر تفصیلات اورخبریں ہر ہفتہ الہلال میں شائع ہوتی تھیں ۔
مرزاعبدالقیوم ندوی نے یہ بھی بتایاکہ ان کے معلومات مطابق مہاراشٹر میں شاید ہی کسی کے پاس اتنی بڑی تعداد میں الہلال کے اصلی شمارے موجود ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ہر سال 11؍نومبر مولانا آزاد کی یومِ پیدائش او ر 22؍ فروری ان کی یو م وفات پر اپنے کتب خانہ مرزاورلڈ بک ہاؤس پر ان شماروں کی نمائش لگاتے ہیں ، کثیر تعداد میں شہریان ،طلباء ،اساتذہ اور علمی و تعلیمی شخصیتیں استفادہ کرتی ہیں۔
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

