اس بار تخلیق کاروں کی کتب پر دیے جائیں گے اعزازات
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، سنسکرتی پریشد،محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام "تقریب اعزازات” کا انعقاد 28 مارچ 2022 کو شام 5 بجے وزیر ثقافت محترمہ اوشا ٹھاکر کی خصوصی موجودگی، سابق ایم پی آلوک سنجر کی صدارت اور شیو شیکھر شکلا:پرنسپل سیکریٹری-محکمہ ثقافت اور ادیتی کمار ترپاٹھی: ڈائریکٹر-سنسکرتی کی باوقار موجودگی میں اسٹیٹ میوزیم، شیاملہ ہلز، بھوپال میں ہوگا.
اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اکادمی کے ذریعے ابھی تک شخصیات کو ان کی مجموعی ادبی خدمات کی بنیاد پر اعزازات دیے جارہے تھے. سال 22-2021 سے محکمہ ثقافت کی دیگر اکادمیوں کی طرح مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے بھی زبان و ادب سے متعلق مختلف اصناف پر مبنی شائع شدہ کتابوں پر کل ہند اور صوبائی اعزازات دیے جانے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے. اس کا مقصد اردو ادب کی معدوم ہوتی ہوئی مختلف کئی اصناف پر کام کرنے کے لیے تخلیق کاروں کو راغب کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے. اس سال اردو اکادمی کے ذریعے چھ تخلیق کاروں کو ان کی کتب پر کل ہند اعزازات اور بارہ تخلیق کاروں کو صوبائی اعزازات سے عزت مآب وزیر ثقافت کے ہاتھوں نوازا جائے گا. اس سال سبھی اعزازات مدھیہ پردیش کے تخلیق کاروں کو ہی دیے جارہے ہیں.
مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعہ جن چھ شخصیات کی تخلیقات پر قومی ایوارڈ دینے کا اعلان کیاگیا ہے ان میں ممتاز ادیب و محقق ڈاکٹر مہتاب عالم کی کتاب تہذیب پر ابراہیم یوسف اعزاز،وفا صدیقی کی کتاب نقش تابندہ کے لئے میرتقی میر اعزاز،ڈاکٹر سیفی سرونجی کو سہ ماہی انتساب کی خدمات کے لئےحکیم قمرالحسن اعزاز، ڈاکٹرخالد محمود کی کتاب نقوش معنی کو جوہر قریشی، ڈاکٹر محمد نعمان خان کی کتاب فلسفہ حیات کو شاداں اندوری اعزاز اور ڈاکٹر عشرت ناہید اجین کی کتاب منزل بے نشاں کو حامد سیعد خاں قومی اعزاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے.
وہیں کوثر صدیقی کی قرطاس قلم کو ندا فاضلی اعزاز،قاسم رسا کی کتاب جستہ جسہ کو سراج میر خاں سحر اعزاز، ڈاکٹر رضیہ حامد کی کتاب فہم و ادراک کو سورج کلا سہائے اعزاز،ضیا فاروقی کی کتاب حسینہ منزل کو نواب شاہجہاں بیگم اعزاز، کے کے راجپوت کمل کی کتاب رقِص بسمل کو شمبھو دیال سخن اعزاز، اقبال مسعود کی کتاب نعیم کوثر افسانوی کائنات کو شعری بھوپالی اعزاز، ڈاکٹر محمود شیخ کی کتاب امیجری کا زوال کو محمد علی تاج اعزاز، نفیسہ سلطانہ انا کی کتاب عکس خیال کو باسط بھوپالی اعزاز، کاروان ادب کے مدیر جاوید یزدانی کونواب صدیق حسن خان اعزاز، ِصبیحہ صدف کی کتا ب اردو قواعد و مضامین کو جاں نـثار اختر اعزاز، ڈاکٹر عارف انصاری کی کتاب پس پردہ کو پنا لال سریواستو نور اعزازاور کوثر فرزانہ کوکیف بھوپالی صوبائی اعزاز سے سرفراز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے.
ڈاکٹر نصرت مہدی نے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے.
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

