اکادمی برائے اردو اساتذہ ، جامعہ ملیہ اسلامیہ بہ اشتراک ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ ہفت روزہ ورکشاپ کا آغاز
نئی دہلی ۲۴؍مئی ۲۰۲۲ (پریس ریلیز)اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ بہ اشتراک ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ ،نئی دہلی کی جانب سے آج مؤرخہ ۲۴ مئی ۲۲۰۲ کو ہفت روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدار ت پروفیسر شہزاد انجم ،اعزازی ڈائریکٹر،اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ ،نئی دہلی نے فرمائی ۔انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ جامعہ ایک تحریک ہے جس نے اردو کے فروغ میں اہم کردار ادا کیاہے۔ جامعہ کے معماروں نے انتہائی خلوص ،محنت اور جانفشانی سے جامعہ کی ترقی و بہبود کے ساتھ ساتھ اردو کے فروغ میں بنیاد ی رول ادا کیا ہے۔ہمیں بھی اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جامعہ کی ترقی اور اردو کے فروغ کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے ۔ اردو تعلیم و تدریس کے حوالے سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارنامے غیر معمولی ہیں۔افتتاحی اجلاس میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب سید تنویر احمد(ڈائریکٹر) مرکزی تعلیمی بورڈ، نئی دہلی ،جناب محمد سلیم اللہ خان(اسسٹنٹ سکریٹری)مرکزی تعلیمی بورڈ،نئی دہلی اور جناب مولانا انعام اللہ فلاحی (کوآرڈینیٹر درسیات) مرکزی تعلیمی بورڈ ،نئی دہلی شریک ہوئے۔ مرکزی تعلیمی بورڈ کے ڈائریکٹر جناب سید تنویر احمد نے آموزشی ماحصل کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اس کے چار نکات یعنی معلومات،مہارت،اقدار کی تخم ریزی اور پائیدار ترقی پرتفصیل سے روشی ڈالی۔ انھوںنے اپنی تقریر میںکہا کہ ہمیں اپنی تدریسی نظام میں انفارمیشن ،کمیو نی کیشن اور ٹکنالوجی کو بھی بروئے کار لانے کی سخت ضرورت ہے۔ جناب سلیم اللہ خان نے کہاکہ اترپردیش کے دوردراز علاقوں میں ہماری تیاری کردہ کتاب یعنی ’ہماری کتاب ‘ داخل نصاب ہے جو اس کی اہمیت کی گواہ ہے۔جناب مولانا انعام اللہ فلاحی نے کہاکہ درسی کتاب کی تیاری کے ضمن میں ہمارا مقصد اسلامی نقطہ ٔ نظر کی ترویج و اشاعت ،تعمیرِ سیرت کے ساتھ ساتھ این سی ایف اور این سی ای آرٹی کے نئے رہنما اصول و ضوابط کو سامنے ر کھنا بھی ہے۔جناب محمد شفیق عالم ندوی نے افتتاحی اجلاس میں ورکشاپ کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالتے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر حنا آفریں،کوآرڈینیٹر ورکشاپ نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ ڈاکٹر نوشاد عالم کے ہدیۂ تشکر کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر خالدمبشر،جناب اقبال حسین، جناب الیاس احمد ،جناب سرتاج ،ڈاکٹر جاوید حسن،ڈاکٹر آفتاب منیری،ڈاکٹر آس محمد صدیقی،ڈاکٹر علام الدین،ڈاکٹر سعود عالم،ڈاکٹرعبد اللہ منیر عالم اور محترمہ عائشہ رحمٰن شریک رہے۔
(تصویردائیں سے پروفیسر شہزاد انجم،سید تنویر احمد،جناب سلیم اللہ خان،جناب انعام اللہ فلاحی اور جناب مولانا شفیق عالم ندوی)
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

