ظفر عالم ایک مثالی استاد کی تعریف پر پورے اترتے ہیں: پروفیسر اندرا جھا
سی ایم کالج دربھنگہ کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد ظفر عالم کی سبکدوشی پر الوداعی تقریب کا انعقاد
دربھنگہ، 29 مارچ۔ ایک استاد کبھی سبک دوش نہیں ہوتا۔ وہ سروس میں رہے یا گھر میں رہے وہ ہمیشہ استاد ہی ہوتا ہے اور زندگی کی آخری سانس تک استاد ہی رہتا ہے۔ یہ باتیں سی ایم کالج دربھنگہ کے پرنسپل ڈاکٹر پھولو پاسوان نے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد ظفر عالم کی سبک دوشی کے موقع پر منعقدہ ایک الوداعی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک استاد کی زندگی شاگردوں کے لیے مشعل راہ ہوتی ہے اور شاگرد ان کی زندگی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ اس کالج میں 40 سال ظفر صاحب نے گذارے ہیں اور انھوں نے کالج کے لیے بہت سارے کام کیے ہیں۔ان کی خدمات اور تجربات سے ہم سب استفادہ کرتے رہیں گے۔اس موقع پر شعبہ انگریزی کی صدر پروفیسر اندرا جھا نے کہا سی ایم کالج دربھنگہ کا ایک اہم کالج ہے اور اس کالج کے لیے ظفر صاحب نے جتنے کام کیے ہیں وہ ایک نظیر ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔صدرشعبہ میتھلی للت نارائن متھلا یونیورسٹی پروفیسر نارائن جھا نے پرانی یادوں کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ظفر صاحب سے میرا روحانی رشتہ رہا ہے۔ ان کے جانے سے میں بہت اکیلا محسوس کر رہا ہوں۔ صدر شعبہ فلاسفی متھلا یونیورسٹی پروفیسر رودرکانت امر نے ظفر صاحب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ظفر صاحب خاموشی سے کام کرنے میں یقین رکھتے تھے۔ انکم ٹیکس سے لے کر کالج کے اساتذہ کی تنخواہوں سے متعلق کام کاج بھی انھوں نے کیے ہیں۔وہ محض اردو تک محدود نہیں تھے بلکہ دوسرے موضوعات اور کاموں پر بھی انھیں دسترس حاصل تھی۔شعبہ تاریخ کے سبک دوش پروفیسر نریندر جی نے ظفر صاحب کے ساتھ گذارے دنوں کو یاد کیا اور کہا کہ ظفر صاحب کو اپنے موضوع پر کافی پکڑ تھی اور آج شعبہ اردو کے طلبا و طلبات کی جانب سے منعقدہ یہ پروگرام اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے شاگرد ان کی تدریس سے کتنا مستفیض ہوئے ہیں۔اس موقع پر سی ایم کالج اساتذہ یونین کے صدر ڈاکٹرپربھات چودھری و سکریٹری دیواکر کمار سنگھ ، شعبہ انگریزی کی پروفیسر منجو رائے نے بھی اظہار خیال کیا اور ظفر عالم صاحب کو نیک خواہشات سے نوازا۔ اس موقع پر ایم اے سمسٹر 3 کے طلبا نے بھی اپنے تجربات بیان کیے اور ظفر صاحب کی تدریس سے متعلق گفتگو کی۔اس الوداعی تقریب کی نظامت ایم اے سمسٹر 3 کی طالبہ عائشہ ناز اور شعبے کی استاد ڈاکٹر نفاست کمالی نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ اس تقریب میں سی ایم کالج دربھنگہ کے تمام اساتذہ اور طلبا نے شرکت کی اور ظفر عالم صاحب کی طویل العمری کی دعائیں دیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

