مانو لکھنؤ کیمپس میں طلبہ شمولیتی پروگرام کا انعقاد
لکھنؤ۔۳۱/اکتوبر
برادرانہ ماحول ،جذبۂ محبت اور تہذیبی تنوع انسانی اقدار کو فروغ دینے میں نہایت کارآمد ہیں ۔ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہم اپنی شناخت کے ساتھ آگے بڑھیں اور ایک خوشگوار معاشرے کی تشکیل میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار مو لانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی کے لکھنؤ کیمپس کی انچارج ڈاکٹر ہما یعقوب نے طلبہ شمولیتی پروگرام کے افتتاحی اجلاس میں کیا۔اس پروگرام کی نظامت کا فریضہ ڈاکٹر ثمامہ فیصل نے انجام دیا ۔ معراج عالم نے قرآن پاک کی تلاوت کی ۔
ڈاکٹر ہما یعقوب نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے قرآن پاک، دیگر مقدس کتابوں اور ممتاز عالمی شخصیات کے حوالے سے اس موضوع پر روشنی ڈالی ۔اس موقع پر انھو ں نے علامہ اقبال اور دیگر شعرا کے کلام سے مثالیں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ محبت اور انسانیت کے جذبے کو بڑھانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا ۔
اس مو قع پر کیمپس کے شعبہ جات اور اساتذہ کرام کی علمی سرگرمیوں کا تعارف بھی پیش کیا گیا ۔ڈاکٹر عمیر منظر (اکیڈمک کوارڈی نیٹرشعبۂ اردو )،ڈاکٹر شاہ محمد فائز(اکیڈمک کوارڈی نیٹرشعبۂ انگریزی )ڈاکٹر ذیشان حیدر(اکیڈمک کوارڈی نیٹرشعبۂ فارسی ) ڈاکٹر سعید بن مخاشن(اکیڈمک کوارڈی نیٹرشعبۂ عربی )ڈاکٹر ضیاء الحق (اکیڈمک کوارڈی نیٹربی اے پروگرام )نے یہ فریضہ انجام دیا ۔
واضح رہے کہ یوجی سی کی گائیڈ لائن کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے نئے طلبہ وطالبات کے داخلہ کے بعد ان کے تعارف پر مبنی طلبہ شمولیتی پروگرام( دیکشارمبھ ) کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔اس میں اہم موضوعات پر توسیعی خطبات کے ساتھ ساتھ یونی ورسٹی ،شعبہ جات ،لائبریری اور نصاب کے بارے میں طلبہ کومعلومات فراہم کی جاتی ہے نیز طلبہ پورٹل کا کس طرح استعمال کریں اس بارے میں بھی انھیں بتایا جاتا ہے ۔یہ پروگرام ایک ہفتہ تک جاری رہے گا ۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

