اے ایم یو میں یوم آزادی سے ماقبل شام مشاعرے کا اہتمام
علی گڑھ۔(14اگست 2023) وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے پالی ٹکنک آڈیٹوریم میں یوم آزادی سے ماقبل شام منعقد مشاعرے کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ آج ان شہیدان وطن کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے ملک و قوم کی آزادی اور اپنے فیصلے خود کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حب الوطنی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے اور اس طرح کے پروگرام ہمارے اندر حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔اس سے قبل اپنے خیر مقدمی کلمات میں شعبہ اردو کے چیئر مین پروفیسر قمر الہدی فریدی نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی۔انہوں نے آزادی کی جد وجہد پر اجمالی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اخوت و یگانگت میں مضمر ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک سے محبت کے ساتھ اس کی ترقی میں ہم نمایاں کردار ادا کریں۔مشاعرے کی نظامت پروفیسر سید سراج الدین اجملی نے کی اور شعراے کرام کا تعارف پیش کیا۔منتخب اشعار قارئین کی ضیافت طبع کے لیے درج ذیل ہیں:
داستاں جب تری کہی میں نے
ابتدا روشنی سے کی میں نے
(عادل رضا منصوری)
پیاس کے ذکر کو رکھتا ہوں جدا پانی سے
دیکھتے رہتے ہیں دریا مجھے حیرانی سے
(عقیل نعمانی)
کل جو اس جانب مرے جانے کی تیاری ہوئی
اندروں روشن ہوا باہر ضیاء باری ہوئی
(کوثر مظہری)
اپنی ذات سے آگے جانا ہے جس کو
اس کو برف سے پانی ہونا پڑتا ہے
(معید رشیدی)
میں خود بھی جانتا ہوں نقش اول کے معائب
مگر یہ نقش اول نقش ثانی کے لیے ہے
(سرفراز خالد)
بے سکونی میں بھی تسکین کو پالیتے ہو
کون ہے جس کو تصور میں بسا لیتے ہو
(سراج اجملی)
گرمی احساس کی شدت سے چپ سی لگ گئی
وقت کاسورج مری جادو بیانی لے گیا
(سلمی شاہین)
بس ایک شب کو تری چھت قبول کرلی ہے
یہ مت سمجھ کہ امامت قبول کرلی ہے
(سرور ساجد)
جب کچھ نہیں ملا اسے کھونے کے واسطے
جاگی ہے رات صبح کو سونے کے واسطے
(مہتاب حیدر نقوی)
چراغ لے کے نکلتے نہیں ہیں راہوں میں
سمجھ چکے ہیں ہواؤںکے سب اشارے لوگ
(شہاب الدین ثاقب)
وہ شہر بسا بھی تھا ہماری ہی بدولت
اس شہر تمنا کی تباہی بھی ہمیں تھے
(نسیم صدیقی)
خالد کا تو دریا کی گذرگاہ میں گھر ہے
سیلاب کو آنا ہے تو دروازہ کھلا ہے
(خالد محمود)
ٍپروگرام کا اختتام ناظم مشاعرہ پروفیسر سید سراج الدین اجملی کے اظہار تشکر کے ساتھ ہوا۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

