۱۸؍اگست ۲۰۲۳، نئی دہلی
’’دنیا ریگنگ کا خاتمہ چاہتی ہے ،کیوں کہ یہ موجودہ سماج میں تیزی سے پھیلتی ہوئی ایک سنگین بیماری ہے۔قرآن وسنت نے اس حوالے سے عزت نفس،تربیت نفس اور احتساب نفس کے بنیادی اصولوں کے ذریعے نسل انسانی کی رہ نمائی کی ہے۔‘‘ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید شاہد علی،سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے شعبہ میں بزم طلبہ کی جانب سے اینٹی ریگنگ ہفتہ(۱۲؍ اگست تا ۱۸؍ اگست)منائے جارہے ایک پروگرام میں کیا۔جناب جنید حارث نے فرمایا کہ اینٹی ریگنگ کو مدنی دورکے رشتہ مواخات کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر اقتدار محمد خان ،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے فرمایا کہ طلبہ کے تعارفی سیشن اور ریگنگ میں فرق ہے۔اول الذکر سے طلبہ میں اخوت و محبت اور باہمی تعاون کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ،جب کہ ریگنگ ایک غیر انسانی روایت ہے،جو اپنے ماتحتوں کے ساتھ غلط برتاؤ کو فروغ دیتی ہے۔آج اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ طلبہ خود عہد کریں کہ وہ اس غیر انسانی و غیر صحت مندانہ رواج کو جڑ سے ختم کریں گے۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے طالب علم کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ اس قبیح رسم کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کریں اور شعبہ میں آنے والے نئے طلبہ وطالبات کا دلی استقبال کریں۔اس موقع پر بزم طلبہ ،شعبہ اسلامک اسٹڈیزکی جانب سے ’’ریگنگ:ممانعت،روک تھام اور سزا-اسلامی نقطہ نظر سے‘‘ کے موضوع پرایک تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا ،اس میں جامعہ کے مختلف فیکلٹیز سے تقریباً بائیس طلبہ نے حصہ لیا ۔پہلا انعام احتشام علی(شعبہ اسلامک اسٹڈیز)،دوسرا انعام شاہ خالد(شعبہ فارسی)،تیسرا انعام شیخ عظمیٰ نسیم(شعبہ اسلامک اسٹڈیز) اور تشجیعی انعامات محمد مونس اور تنویر احمد نے حاصل کیے۔کام یاب ہونے والے طلبہ کو سند سے بھی نوازا گیا۔پروگرام کا آغاز عبدالرحمن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نظامت کے فرائض محمد شہنواز نے انجام دیے۔اس پروگرام میں ڈاکٹر محمد مشتاق،ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر محمد خالد خان ،ڈاکٹر محمد عمر فاروق اوردیگر اساتذہ موجود تھے۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

