قومی اردو کونسل کے زیراہتمام عالمی کتاب میلے میں ترجمے کی اہمیت پر مذاکرہ اور مشاعرے کا انعقاد
نئی دہلی: قومی اردو کونسل کے زیراہتمام عالمی کتاب میلے میں آج دو پروگراموں کا انعقاد ہوا۔ پہلا پروگرام قومی اردو کونسل کے اسٹال پر ترجمے کی اہمیت کے عنوان سے ہوا جس میں نئی نسل کے مترجمین ڈاکٹر احسن ایوبی، ڈاکٹر نوشاد منظر اور ڈاکٹر جاوید عالم نے بطور مہمان شرکت کی اور انھوں نے ترجمہ نگاری کے تعلق سے اپنے تجربات شیئر کیے۔ انھوں نے ترجمے کے حوالے سے نئے رجحانات پر بھی گفتگو کی۔ اس پروگرام کی صدارت پروفیسر سرورالہدیٰ شعبۂ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کی۔ انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں نئی نسل کے ترجمہ نگاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صدی کثیر لسانی ثقافت سے شناخت کی جاتی ہے، ایسے میں نئی نسل کے لیے مختلف زبانوں اور علوم سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کا مختلف زبانوں کی طرف بڑھتا ہوا رجحان خوش آئند ہے۔ نظامت ڈاکٹر عبدالباری نے کی۔
بعدازاں کونسل کے زیراہتمام ‘لیکھک منچ ’ میں ایک شاندار مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ۔ مشاعرےکی صدارت بزرگ شاعر چندربھان خیال نے کی۔ صدارتی تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج کل مشاعرے تو بہت ہورہے ہیں لیکن اس کا معیار و وقار دن بدن گرتا جارہا ہے۔ اردو کے فروغ کے لیے جس طرح کی کوششیں ہونی چاہئیں وہ آج کل کے مشاعرے میں ناپید ہیں۔ سنجیدہ مشاعرے کے انعقاد کے حوالے سے قومی اردو کونسل کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ انھوں نے اپنے اشعار سے بھی سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کے علاوہ اس مشاعرے میں اقبال اشہر، نصرت مہدی، پاپولر میرٹھی، اورآلوک یادو نے خوبصورت اشعار پیش کیے۔ نظامت معین شاداب نے کی اور شکریے کی رسم ڈاکٹر عبدالباری نے انجام دی۔
مشاعرے کے منتخب اشعار پیش ہیں:
دل میں جب جستجو کےشرارے چلے
میری انگلی پکڑ کرستارے چلے
(چندربھان خیال)
کھلی آنکھوں ہی رخصت ہوگئی وہ
مجھے آنے میں دیری ہوگئی تھی
(اقبال اشہر)
میں کہاں اپنی کسی فکر کے اظہار میں تھی
میں تو ہر دور میں سونپے ہوئے کردار میں تھی
(نصرت مہدی)
جذبۂ انسانیت سے اپنا رشتہ توڑ کر
ڈاکوؤ کیا مل گیا شاعر کا جبڑا توڑ کر
(پاپولر میرٹھی)
نئی نسلوں کے ہاتھوں میں بھی تابندہ رہے گا
میں مل بھی جاؤں گا مٹی میں قلم زندہ رہے گا
(آلوک یادو)
افلاک تو کیا ملتے زمیں کا نہ رہوں گا
میں تیرے بھروسے پہ کہیں کا نہ رہوں گا
(معین شاداب)
(رابطہ عامہ سیل)
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page