سہہ کے ایذابھی دی دشمنوں کو دعا+ رسمِ الفت انوکھی چلی آپ سے
میدنی نگر، 24؍ جنوری 2023: ادبی سنسار کا 20 واں نعتیہ مشاعرہ ملت کالونی، ناوا ٹولی میں آل جھارکھنڈ اردو پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر فیاض احمد کی رہائش پر منعقد ہوا۔ مشاعرے کی صدارت معروف شاعر ایم جے اظہرؔ نے اور نظامت شمیم رضوی نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ کے لیڈر ممتاز احمد مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔مشاعرے کا آغاز حافظ محمد معراج عالم نے تلاوت قرآن سے کیا۔ شعرا نے نعت کے بہترین اور ایک سے بڑھ کر ایک اشعارپیش کیے اور محفل میں حب نبی کا جذبہ تازہ کیا۔مشاعرے کے منتخب اشعار پیشِ خدمت ہیں:
مولانا مہتاب عالم ضیائی:
شمع َتوحیدجس دم جلی آپ سے
مچ گئی کفر میںکھلبلی آپ سے
شمیم رضوی:
حقیقت میں خدا سے اس جہاں میں جو بھی ڈرتے ہیں
یہاں سے کامیابی کی سند لے کر گزر تے ہیں
امین رہبر:
جو ہم عشقِ نبی کا زندگی میں رنگ بھرتے ہیں
فرشتے بھی ہماری زندگی پررشک کرتے ہیں
ارشد قمر:
سہہ کے ایذا بھی دی دشمنوں کو دعا
رسمِ الفت انوکھی چلی آپ سے
قاری جسیم الدین شمیمی:
شمیمی جنتی ہونے میں کوئی شک نہیں اس کے
شہہِ کونین کی الفت میں جو بھی لوگ مرتے ہیں
ایم جے اظہر:
کردار کہہ رہا ہے کہ آقا کا ہوںغلام
دیوارِ کفر جو ہے کھڑی، ڈھا رہا ہوں میں
ڈاکٹرانتخاب اثر:
دل کو نبی کی یاد سے بہلا رہا ہوںمیں
غم سے نجات یوں ہی نہیںپا رہا ہوں میں
نوشاد احمد خان:
حد پرواز ہے منتہا کے سوا
ہے مخاطب خدا یا نبی! آپ سے
ڈاکٹر مبین الدین قریشی:
خلق نے پا لیاسرورِ انبیا
جاں فزا ہو گئی زندگی آپ سے
مولانا صدام حسین پرواز:
کچھ مرض لا دوا ہے یہ کون کہتا ہے
ہر مرض کی دوا ہے نبی آپ سے
حافظ نگار عالم عطا:
جن کے لب پر تبسم کا فقدان تھا
ان لبوں کو ملی ہے ہنسی آپ سے
عمران شاد:
آپ کے نور ہی سے ہے روشن جہاں
چاند تاروں میں ہے روشنی آپ سے
مشاعرے میں عدنان کاشف، حافظ یونس رضوی، فاروق احمد نے نعتیہ اشعار پیش کیے جب کہ اقبال انصاری نے محمد نظام الدین، سید شاہ غفران اشرفی، ڈاکٹر فرحت حسین خوش دل، محدث ذکااللہ ثنا چشتی، اعجاز مان پوری، حسرت شفیع پوری، شہرت اورنگ آبادی کے کلام پیش کیے۔
اس موقع پر اردو لائبریری کے صدر حسنین خان، معروف گلوکار ارشد جمال عرف گڈو، سماجی کارکن نسیم احمد، محمد شمس الدین انصاری، محمد ایم حق، ممتاز انصاری، محمد شمیم انصاری، شاہد اختر، اقبال انصاری، رضی اللہ رضی، محمّدسلیم الدین چشتی،اعجاز احمد،منظور الحق،شبیر احمد، امتیاز علی،شکیل انصاری، سہیل انصاری کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ فیاض احمدمشاعرے کے اختتام پر اظہارِ تشکر پیش کیا۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

