اورنگ آباد 26 اگست
مشہور معروف اردو ادیب علامہ اعجاز فرخ صاحب(حیدرآباد) کی اورنگ آباد آمد پر ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے دفتر مرزا ورلڈ بک ہاؤس پر خصوصی پروگرام "مصنف سے ملیے” عنوان کے تحت 26 اگست بروز جمعرات صبح گیارہ بجے منعقد ہوا.
اردو زبان و ادب کی موجودہ صورتحال کے منعقدہ مذاکرہ میں علامہ اعجاز فرخ نے کہا کہ اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ اچھے لکھنے والے نہیں ہیں تو میرا یہ جواب ہوتا ہے کہ جب اچھے پڑھنے والے ہوں گے تو اچھے لکھنے والے بھی ہوں گے آج ہم اردو کی بات کرتے ہیں بتائیے کہ کتنے لوگ اردو کتابیں خرید کر پڑھتے ہیں؟ یہ سوال بار بار دہرایا جاتا ہے کہ کیا اردو صرف مسلمانوں کی زبان ہے؟ اردو کسی مذہب کی زبان نہیں ہے بلکہ اردو دل والوں کی زبان ہے زبان کو کسی خاص فرقے، ذات اور مذہب سے جوڑنا یہ سراسر اس زبان کے ساتھ نا انصافی ہوگی. مذاکرہ کے ابتداء میں فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے کہا کہ کل انہیں معلوم ہوا کہ علامہ اعجاز فرخ صاحب محرم کی مجالس کے سلسلے میں اورنگ آباد تشریف لائے ہوئے ہیں تو میں نے موقع غنیمت سمجھا اور آپ کی موجودگی و ذات سے استفادہ کے لیے اپنے مشہور پروگرام "مصنف سے ملیے” کے تحت شہر کی معزز شخصیات کو مدعو کیا جن میں مشہور و معروف ناول نگار نورالحسنین، احمد اقبال، معز ہاشمی،عاجل عباسی،خان جمیل احمد ، ڈاکٹر اشفاق اقبال شامل ہیں. فاؤنڈیشن کی روایت ہے کہ جب بھی شہر میں کوئی بڑی شخصیت، مصنف، ادیب شاعر تشریف لاتے ہیں تو شہریان کو استفادہ کا موقع فراہم کیا جاتا ہے.
مشہور معروف اردو ناول نگار نورالحسنین نے علامہ اعجاز فرخ کا جامع تعارف اور ان کی علمی خدمات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ علامہ صاحب زبان ہیں درجنوں کتابوں کے مصنف ہیں وہ ایک ہمہ جہت پہلودار شخصیت ہیں. ان کا سب سے بڑا کارنامہ حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی پانچ سو سالہ تاریخ کی تصنیف ہے جو "مرقع حیدر آباد”کے نام سے شائع ہوچکی ہے.
پروگرام کو کامیاب بنانے میں مرزا ابوالحسن علی نے کلیدی کردار ادا کیا..
مرزا ورلڈ بک ہاؤس کے مینجر مرزا طالب بیگ نے شکریہ ادا کیا.

