کسی بھی قوم وملک کا مستقبل بچے ہوتے ہیں اور بچوں کو کتابوں سے جوڑنا ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔شبیر احمد انصاری
اورنگ آباد28/ اگست
اورنگ آباد میں جاری مشن مریم مرزا محلہ محلہ لائبریری کے تحت شہر کے مصر واڑی علاقہ میں مسجددارالوقارمیں پندرہویں لائبریری کا قیام عمل میں آیا۔ملک کی مشہور و معروف شخصیت،ماہر تعلیم نیس چشتی کے نام سے اس محلہ لائبریری کومنسوب کیاگیاہے۔ جس کا افتتاح 27/اگست کو دوپہر دو بجے آل انڈیامسلم او بی سی آرگنائزیشن کے قومی صدر شبیراحمد انصاری کے ہاتھوں عمل میں آیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد انصاری نے کہاکہ کسی بھی قوم وملک کا مستقبل بچے ہوتے ہیں اور بچوں کو کتابوں سے جوڑنا ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ مریم مرزا کی تحریک محلہ محلہ لائبریری ملک گیر سطح پر مقبو ل ہورہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج جس شخصیت کے نام سے اس لائبریری کومنسوب کیا گیا ہے مرحوم انیس چشتی ملک کی مشہور ومعروف علمی شخصیت تھیں جنہوں نے قوم ملک کے لیے اپنی بے پناہ تعلیمی خدمات انجام دی ہیں۔ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن، فیض عام ٹرسٹ اور فیم کے اشتراک و تعاون سے لائبریری قائم کی گئی ہے۔ریڈاینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزاعبدالقیوم ندوی نے مشن مریم مرزا محلہ محلہ لائبریری کا تعارف اور اس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ سال رواں کے شروعات 8/جنوری کو اورنگ آباد شہرمیں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام محلہ لائبریری کے نام سے پہلی لائبریری کا قیام عمل میں آیا۔ جس کا افتتاح رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر فوزیہ خان نے کیاتھا۔ مریم مرزا جو ساتویں جماعت کی طالب علم ہے اس نے اپنی ذاتی تین سو کتابوں سے اس لائبریری کی شروع کی تھی جو آج دیکھتے ہی دیکھتے 14 ہوگئی ہیں۔محلہ لائبریریاں ایسے علاقوں محلوں میں قائم کی جارہی ہیں جہاں غریب،مزدور پیشہ طبقہ زیادہ رہتا ہے جہاں کے بچوں کو درسی کتابوں کے علاوہ غیر درسی کتابیں پڑھنے اور دیکھنے کو بہت کم ملتی ہیں۔مدرسہ مظاہر حق کے ناظم مولانا محمد صادق مظاہر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزاعبدالقیوم ندوی اور ان کے دختر مریم مرزانے تاریخی شہر اور نگ آباد میں ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے جس کی پورے ملک میں سراہنا کی جارہی ہے اور اس ایک مثالی و قابل تقلید عمل قرار دیا جارہا ہے۔ جلسہ سے محلہ کی مسجد کے امام حافظ عبدالعظیم نے اپنے خطاب میں تیقین دلایا کہ وہ بچوں کو لائبریری سے کتابیں لینے اور پڑھنے کے ترغیب دیں گے۔جہاں سے روزانہ بچے پابندی کے ساتھ کتابیں اپنے گھروں پر پڑھنے لے جاسکتے ہیں۔افتتاحی تقریب میں کثیر تعدادمیں محلہ کے معزز شخصیتوں کے علاوں محلہ کے ذمہ داران موجود تھے۔ اس موقع پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان دہلی سے شائع ماہنامہ بچوں کی دنیا کا جشن آزادی پر شائع خصوصی شمارہ بچوں میں مفت تقسیم کیاگیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں صالح نہدی چاؤش،شیح منہاج،راجو بھائی،عبدالخالق شاہ،جمیل پٹیل نے محنت کی۔مولانا مشتاق کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
*Mirza Abdul Qayyum Nadwi*
*+91 9325203227*

