بزم جامعہ، شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام انٹر فیکلٹی مقابلوں کا انعقاد
۵؍مارچ (نئی دہلی) شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام دیرینہ روایت کے مطابق انٹر فیکلٹی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ کووڈ کے دوران اور اس کے بعد بھی نہ صرف شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ بلکہ پورے ہندوستان میں طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انھیں پروان چڑھانے والے تعلیمی و ثقافتی مسابقوں کا سلسلہ ایک طرح سے تھم گیا تھا۔ جوں جوں حالات سازگار ہوتے جارہے ہیں، طلبا اور تعلیمی اداروں میں تعلیمی و ثقافتی جلسوں کے تعلق سے نیا جوش اور نئی امنگ صاف نظر آرہی ہے۔ شعبۂ اردو اس قسم کے پروگراموں میں نہ صرف تفریح بلکہ معنویت پر بھی خاص توجہ دیتا ہے۔ اس مقابلے میں بیت بازی، غزل سرائی اور متن خوانی کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مختلف شعبوں سے طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سب سے پہلے بیت بازی کا مقابلہ منعقد ہوا۔ اس مقابلے میں کل ۲۱ ؍ٹیموں نے شرکت کی، جس میں پہلا انعام ’سودا ٹیم‘ (توصیف حبیب، علی ساجد، نوید یوسف) نے ، دوسرا انعام ’شاد عظیم آبادی ٹیم‘ (محمد شیزان، حامد حسین، سعید جامعی) نے اور تیسرا انعام ’فضا ابن فیضی ٹیم‘ (ابوالاشبال، امتیاز احمد، عبیداللہ) نے حاصل کیا۔ اس مقابلے میں جج کے فرائض شعبے کے استاد ڈاکٹر مشیر احمد اور ڈاکٹر خوشتر زریں ملک نے انجام دیے۔ بیت بازی کے بعد غزل سرائی کا مقابلہ ہوا، جس میں مختلف شعبوں کے کل ۸۳ ؍طلبا نے شرکت کی۔ پہلا انعام مطلوب ظفر (شعبۂ اردو)، دوسرا انعام حامد حسین (شعبۂ اردو) اور تیسرا انعام محمد ابراہیم (شعبۂ تعلیم) نے حاصل کیا۔ اس مقابلے میں جج کے فرائض شعبے کے استاد ڈاکٹر سید تنویر حسین اور ڈاکٹر غزالہ فاطمہ نے انجام دیے۔ غزل سرائی کے بعد آخری مقابلہ متن خوانی کا ہوا، جس میں کل ۶۵؍ طلبا نے شرکت کی۔ پہلا انعام عبدالحسیب (شعبۂ اردو)، دوسرا انعام محمد شیزان (شعبۂ اردو)، تیسرا انعام سیفیہ سعاد (شعبۂ بایو سائنس) نے حاصل کیا۔ اس مقابلے میں جج کے فرائض شعبے کے استاد ڈاکٹر خالد مبشر اور ڈاکٹر راہین شمع نے انجام دیے۔ آخر میں تقسیم انعامات کی تقریب عمل میں آئی۔ صدر شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر احمدمحفوظ نے طلبا کی حوصلہ افزائی مومنٹو اور سرٹیفکٹ دے کر کی۔ طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے طلبا کے جوش و خروش اور مقابلوں میں ان کی کثرت تعداد پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور مبارک باد دی۔ اس قسم کے مقابلوں کے انعقاد کی معنویت اور اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ کس طرح یہ مقابلے محض تفریحی نہیں بلکہ طلبا کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں اور نہ صرف ان کی شخصیت کو نکھارتے ہیں بلکہ ان کے معاشی مسائل کے تدارک کا امکان بھی رکھتے ہیں۔ صدر شعبہ نے بزم کے مشیر ڈاکٹر شاہ عالم، نائب صدر سید محمود حسینی، جنرل سکریٹری حفظ الرحمن اور جوائنٹ محمد اسرار عالم کو کامیاب مقابلوں کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد پیش کی۔ مختلف مقابلوں میں نظامت کے فرائض سید محمود حسینی، عبدالرحمن، حفظ الرحمن، افتخار احمد اور محمد شعیب نے انجام دیے۔ شعبے کے طالب علم مطلوب ظفر نے قرآن مقدس کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز کیا۔ آخر میں بزم جامعہ کے مشیر ڈاکٹر شاہ عالم نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
ان مقابلوں میں طلبا کی حوصلہ افزائی کے لیے پروفیسر کوثر مظہری، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر جاویدحسن،ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر شاہ نواز فیاض، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر روبینہ شاہین زبیری کے علاوہ بڑی تعداد میں شعبے کے ریسرچ اسکالر اور طلبہ و طالبات موجو د تھے۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

