لکھنؤ۔۲۲ جولائی
دانش گاہیں علم کا منبع ہی نہیں بلکہ فکر وخیال کی جولان گاہ ہیں ۔مو لانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی کے لکھنؤ کیمپس میں یہاں کے اساتذہ سے ملاقات کرکے مجھے بے حد مسرت ہورہی ہے ۔میں کیمپس کی نئی انچارج ڈاکٹر ہما یعقوب صاحبہ کو ان کی نئی ذمے داری کے لیے مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار فارسی ادبیات کے ممتاز اسکالر اور شعبۂ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر پروفیسر عراق رضا زیدی نے کیا ۔انھوں نے کہا کہ اپنے دوست مرحوم پروفیسر یعقوب کے ساتھ ایک لمبی مدت علی گڑھ میں گذاری ہے ۔ہم لوگوں کی قربت کا ایک سبب ہم وطنی بھی تھی ۔آج ڈاکٹر ہما صاحبہ کو دیکھ کر اور ان کی علمی ترقیات کے بارے میں جان کر بے حد خوشی ہورہی ہے ۔
پروفیسر عراق زیدی نے اس موقع پر کیمپس کی لائبریری کو بھی دیکھا ۔کتابوں کو دیکھ کر انھوں نے مسرت کا اظہار کیا اور یونی ورسٹی کی کوششوں کو سراہا ۔انھوں نے کہا کہ چند برسوں میں ہی طلبہ کی رہنمائی کے لیے اس لائبریری میں بنیادی کتابیں موجود ہیں جو بہر حال خوش آیند بات ہے ۔چونکہ کیمپس میں امتحانات چل رہے ہیں اس لیے باضابطہ طلبہ کے استفادہ کے لیے کوئی بزم نہیں سجائی جاسکی اور اساتذہ بھی امتحانات میں بہت مصروف رہے۔
کیمپس کی انچارج ڈاکٹر ہما یعقوب نے پروفیسر عراق رضا زیدی کا بطور خاص شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بہت جلد آپ سے استفادہ کے لیے کیمپس میں علمی مذاکر ے کا اہتمام کیا جائے گا ۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

