ماحولیاتی تحفظ کے لیے سماجی بیداری ضروری ہے ۔ڈاکٹر نٹیسن مَنکّم
لکھنؤ۔۵،جون ۲۰۲۳
عالمی مسائل میں ماحولیات کا تحفظ ایک بڑے چیلنج کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے ۔ ماحولیاتی آلودگی سے انسانی صحت کے ساتھ ساتھ فطرت کا حسن بھی متاثر ہورہا ہے ۔ماحولیات کے تحفظ کے لیے سماجی بیداری کی اشد ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہارمولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی کے لکھنؤ کیمپس میں یوم ماحولیات کی مناسبت سے منعقد توسیعی خطبہ کے دوران میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹاکسی کالوجی ریسرچ (لکھنؤ) کے سائنس داں ڈاکٹر نٹیسن مَنکّم نے کیا ۔
مانو لکھنؤ کیمپس کی انچارج ڈ اکٹر ہما یعقوب نے مہمان مقرر کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے عالمی مسئلہ پر جس سے کہ ہم سب دوچار ہیں غور و فکر اور اس کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرنے کے لیے آج کے توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر ریاض احمد گنائی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔ڈاکٹر شاہ محمد فائز نے شکریے کے کلمات ادا کیے۔ کیمپس کے طالب علم معراج عالم نے قرآن پاک کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز کیا۔
ڈاکٹر نٹیسن مَنکّم نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے پلاسٹک کے استعمال کو ماحولیات کے لیے سب سے زیادہ نقصادہ قرار دیا اور کہا کہ اس کی بے شمار قسمیں ہیں اور کسی بھی قسم کی پلاسٹک کو ختم ہونے میں کم از کم تین سو سال درکار ہیں ۔اس موقع پر انھوں نے پاؤر پوائنٹ کے ذریعہ لکھنؤ کے تین علاقوں کا ذکر کیا جہاں ماحولیاتی آلودگی ایک چیلنج ہے ۔جس میں آئی آئی ایم روڈ پر موجود وہ میدان جو کوڑے کے پہاڑ میں تبدیل ہورہا ہے ۔اس کے علاوہ دیوی روڈ پر موجود وہ میدان جہاں اسپتالوں سے نکلا ہوا بایو میڈیکل ویسٹ کا ایک انبار لگ چکا ہے ۔انھوں نے گومتی ندی کی آلودگی کا بھی ذکر کیا جس کی وجہ سے ندی، نالے میں تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔ڈاکٹر نٹیسن مَنکّم نے کہا کہ آبی آلودگی کی وجہ سے پانی کے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے مچھلیاں اوردیگر آبی جاندار سرد علاقوں کی طرف کوچ کررہے ہیں۔
ڈاکٹر نٹیسن مَنکّم نے اس موقع پراپنے ذاتی تجربوں کو بھی پیش کیا جس سے اندازہ ہوا کہ ماحولیاتی تحفظ کا مسئلہ کس قدر سنگین ہوتا جارہا ہے اور اگر ابھی ضروری اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو اگلی نسل کو سانس لینے کے لیے ہوا اور پینے کو پانی بھی میسر نہ ہوگا ۔
توسیعی خطبہ میں کیمپس کے اساتذہ ،طلبہ و طالبات ،ریسرچ اسکالرز موجود تھے ۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

