کبھی فریب نہ دیں گے تجھے اے خاکِ وطن
زمیں کی خاک جبیں پر لگا کے دیکھتے ہیں
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ریاست میں ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرس پر نئے تخلیق کاروں پر مبنی "تلاش جوہر” پروگرام کے انعقاد کے بعد اب ضلع ہیڈ کوارٹرس پر سینیئر تخلیق کاروں کے لیے "سلسلہ” کے تحت پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں. اس کڑی کا بیسواں پروگرام ٹاؤن ہال چھندواڑہ میں 8 اکتوبر، 2022 کو صبح 11:30 بجے سے شعری و ادبی نشست کا انعقاد ضلع کوآرڈینیٹر مبین ضامن کے تعاون سے کیا گیا.
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی کے مطابق مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے "سلسلہ” کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں. ضلع ہیڈ کوارٹرس پر منعقد ہونے والی نشستوں میں متعلقہ ضلعوں کے تحت آنے والے گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں وغیرہ کے ایسے تخلیق کاروں کو مدعو کیا جارہا ہے جنہیں ابھی تک اکادمی کے پروگراموں میں اپنی تخلیقات پیش کرنے کا موقع نہیں ملا ہے یا بہت کم ملا ہے. اس سلسلے کے انیس پروگرام بھوپال، کھنڈوہ، ودیشہ دھار، شاجاپور، ٹیکم گڑھ، ساگر، ستنا ریوا سیدھی، رائسین، سیونی، نرسنگھ پور، نرمدا پورم، دموہ، شیوپوری، گوالیار، برہانپور،دیواس، رتلام اور بالاگھاٹ میں منعقد ہو چکے ہیں اور آج یہ پروگرام چھندواڑہ میں منعقد ہوا ہے جس میں چھندواڑہ کے تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں.
چھندواڑہ ضلع کے کوآرڈینیٹر مبین ضامن نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری نشست میں 21 تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں. پروگرام کی صدارت بالاگھاٹ کے سینیئر سماجی رکن حاجی ابراہیم خان نے فرمائی، مہمان خصوصی کے طور پر سینیئر شاعر حامد علی حامد اور مہمان ذی وقار کے طور پر آنند بخشی اسٹیج پر موجود رہے. جن شاعروں نے اپنا کلام پیش کیا ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں.
دو روز زندگی کے جو پائے ہوئے ہیں ہم
دل سے خدا کا خوف بھلائے ہوئے ہیں ہم
حامد علی حامد
تم نے اپنے شعروں سے تو شاہی بزمیں سجائیں
جھگی میں جب ہوا جشن تو پھر میں نے غزل کہی
وجے آنند دوبے
ہم جو بیٹے جوان کرلیں گے
بس میں سارا جہان کرلیں گے
شکیل احمد شکیل
منتشر ہے زندگی آ جائیے آ جائیے
بس کمی ہے آپ کی آ جائیے آ جائیے
اسماعیل تاجی
ترنگا جن کی سانسوں میں بسا وہ ڈر نہیں سکتے
قدم آگے بڑھا کر وہ پیچھے دھر نہیں سکتے
انورادھا تیواری
کبھی فریب نہ دیں گے تجھے اے خاکِ وطن
زمیں کی خاک جبیں پر لگا کے دیکھتے ہیں
مبین ضامن
شب غم اور یہ تنہائیاں بھی
ڈراتی ہیں مجھے پرچھائیاں بھی
نندکشور ندیم
نہ کبھی چاند نکلتا نہ سویرا ہوتا
تم نہیں ہوتےتو دنیا میں اندھیرا ہوتا
مرزا اشفاق بیگ
خشک ہونٹوں کو پیاس کرتی ہے
یہ ندی بھی اداس کرتی ہے
چندن ایودھی
شعری و ادبی نشست کی نظامت کے فرائض مبین ضامن نے انجام دیے. پروگرام کے آخر میں نشاط قریشی نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سےتمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا.
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

