قرآنی سفر / سید احمد انیس حسینی ندوی – ایس ایم حسینی
"احمد انیس حسینی کی قرآنی سفر: یعنی تحفۂ رمضان کریم”
"قرآنی سفر” میرے بہت ہی مکرم و بڑے بھائی کی طرح عزیز سید احمد انیس ندوی کی تیسری تصنیف ہے، جس میں قرآن مجید کے تیس پاروں کے منتخب اور اہم موضوعات کا خلاصہ نہایت عرق ریزی سے پیش کیا گیا ہے، جو بطور خاص ائمہ مساجد اور عوام کے لئے بہت ہی خوبصورت تحفہ ہے، آسان زبان اور سادہ اسلوب میں پاروں کی ترتیب ملحوظ رکھتے ہوئے موضوع کو اس طرح چند صفحات میں سمیٹ دیا ہے کہ اہم اہم مضامین کا احاطہ کم سے کم الفاظ میں ہو جاتا ہے، اس سے قبل آپ کی دو کتابیں "مادیت و روحانیت اور ہمارا نصاب تعلیم” اور "تذکرہ مفتی عبدالعلیم عیسی صاحب وصی الہی رحمہ اللہ” منظر عام پر آچکی ہیں، احمد انیس حسینی کا تعلق نصیرآباد (رائے بریلی) کے سادات حسینی خانوادہ سے ہے، آپ کا خانوادہ گزشتہ کئی دہائیوں سے فیروزآباد میں مقیم ہے اور وہاں کی دینی، دعوتی، تعلیمی، تبلیغی اور اصلاحی تشنگی دور کرنے کے ساتھ مرجع خلائق ہے، پورا نام سید احمد انیس حسینی ندوی ہے، انتہائی ملنسار، خوش مزاج اور نہایت اعلی ذوق کے مالک ہیں، میانہ قد، گورا رنگ، کھڑی ناک، اس پر خوبصورت چشمہ اور نفاست سے تراشی ہوئی داڑھی آپ کی شخصیت میں جمال کے ساتھ رعب بھی پیدا کردیتی ہے، بولنے کا اندازہ خطیبانہ لیکن مٹھاس لئے ہوئے، جب زبان سے الفاظ ادا ہوتے ہیں تو ایسا لگتا ہے جیسے کسی جلسہ کے اسٹیج پر براجمان ہوں اور مخاطب متاثر ہوئے بنا نہیں رہتا، احمد انیس بھائی مصنف ہونے سے پہلے ایک شعلہ بیاں مقرر ہیں، آپ کی تقریر بھی تحریر کی طرح اثر انگیز ہوتی ہے، گویا شاعر کا یہ شعر آپ ہی کے لئے ہے۔
اچھی صورت جو خدا دے تو یہ اوصاف بھی دے
حسن تقریر بھی ہو خوبئ تحریر بھی ہو
مولانا احمد انیس حسینی بھائی کی شخصیت میرے لئے ہمیشہ سے باعث رشک رہی ہے، دوران طالبعلمی کے دوران ہی آپ کی زور خطابت کے چرچے تھے ،ندوہ سے فراغت کے بعد جلدہی آپ کی تحریروں نے بھی لوگوں کو متوجہ ہونے پر مجبور کردیا اور موجودہ وقت میں آپ نوجوان علماء میں ایک معتبر حوالہ بن چکے ہیں، دراصل مثبت سوچ اور مثبت انداز فکر نے ہی آپ کی شخصیت میں چار چاند لگائے ہیں، آج کل آپ شہر فیروزآباد میں ہی ابوہریرہ گرلس انٹر کالج کی ذمہ داری دیکھ رہے ہیں اور شہر فیروزآباد و آگرہ میں درس قرآن کا سلسلہ قائم ہے اور "قرآنی سفر” اسی سلسلے کی ایک خوبصورت کڑی ہے۔
زیر نظر کتاب "قرآنی سفر” کا انتساب اپنے دادا جان حضرت ماسٹر سید محمد احسن صاحب مدظلہ العالی کے نام کیا ہے، مولانا سعید الرحمن اعظمی دامت برکاتہم کا پیش لفظ، استاذ محترم مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہ کی تقریظ، مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب مدظلہ کے دعائیہ کلمات اور سید ادہم مصطفی سعدی حفظہ اللہ کے تاثرات کتاب کی اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں، جو احمد انیس بھائی کی اس کوشش وکاوش کو مستند بنانے کے لئے کافی ہیں، مصنف نے مقدمہ میں قرآن مجید کی عظمت ورفعت پر جامع کلام کرتے ہوئے عربی و اردو تفاسیر کا تجزیہ اور مخصوص اہم تفاسیر کو درج کردیا ہے، اس کے علاوہ قرآن کے تراجم سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ہے، پھر "میرے قرآنی سفر کی روداد” کے عنوان سے ایک دلچسپ مضمون شامل ہے، دوسرے ایڈیشن میں مدیر ماہنامہ "ندائے اعتدال” ڈاکٹر محمد طارق ایوبی حفظہ اللہ کا جامع تبصرہ اور قاری اسعد علیم شمسی کے کلمات بھی شامل ہیں، تین سو صفحات پر مشتمل یہ کتاب کئی اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے، اسلوب نہایت صاف ستھرا ہے اور مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے لکھنے والے نے پڑھ کر لکھا ہے اور معانی ومفاہیم کا خاص خیال بھی رکھا گیا ہے، احمد انیس حسینی کی یہ کتاب ان کے قرآنی ذوق وشوق کی واضح دلیل ہے، جس میں ہر پارے کے اہم موضوعات کا انتخاب کرکے آیات کی روشنی میں خلاصہ پیش کیا گیا ہے، احمد انیس بھائی نے "قرآنی سفر” لکھ کر دوسروں کو بھی اپنے اس سفر میں شامل کرنے کی نادر کوشش کی ہے جو قابل تحسین اور لائق ستائش ہے، امید ہے آپ کی یہ کتاب دوسروں کے لئے مددگار ثابت ہوگی اور قرآن کا شوق اور جستجو رکھنے والے افراد اس سے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔
صفحات تین سو پچاس350
دوسرا ایڈیشن مارچ 2021ء
قیمت ایک سو اسّی 180
ملنے کا پتہ مکتبہ احسان، لکھنؤ۔
ایس ایم حسینی
فون نمبر 8960512979
ندوہ کیمپس ڈالی گنج، لکھنؤ۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

