نئے سال میں نئے عزائم کے ساتھ قومی اردو کونسل فروغِ اردو کی سرگرمیاں جاری رکھے گی:شیخ عقیل احمد
سالِ نو پر قومی اردو کونسل میں تہنیتی پروگرام،مالیگاؤں اردو کتاب میلے کے کامیاب انعقاد پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اجمل سعید اور معاون عملہ کی پذیرائی
نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں نئے سال کی مناسبت سے ایک تہنیتی پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں خطاب کرتے ہوئے کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے تمام عملہ کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گزشتہ سال کورونا اور دیگر کئی چیلنجز سے گھِرا رہا اس کے باوجود کونسل کی تمام سرگرمیاں حسب سابق جاری رہیں اور فروغِ اردو کے لیے ہماری تمام اسکیمیں چلتی رہیں،جس کے لیے تمام اسٹاف خصوصی طورپر لائقِ ستایش ہیں۔ شیخ عقیل نے کہا کہ نئے سال کی شروعات میں اومیکرون نامی کورونا کے ویریئنٹ نے ہمارے سامنے نئے خطرات پیدا کردیے ہیں مگر اس سے گھبرانے کے بجائے نئے عزائم اور منصوبوں کے ساتھ ہم نئے سال کی شروعات کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارا کارواں اسی طرح اردو زبان و ادب کی ترقی اور اس کی ترویج کے لیے سرگرم رہے گا۔ اس موقعے پر مالیگاؤں میں کونسل کے چوبیسویں قومی اردو کتاب میلے کے کامیاب انعقاد پر انھوں نے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر و میلہ انچارج اجمل سعید اور میلے کے دیگر اسٹاف کو گلدستہ پیش کرکے مبارکباد دی اور کہا کہ میلے کے انعقاد سے قبل ناگفتہ بہ حالات تھے چنانچہ میلے کی پہلی مجوزہ تاریخیں ملتوی کرنی پڑی تھیں اور ایسا لگ رہا تھا کہ دوسری تاریخوں میں بھی میلے کا انعقاد نہیں ہوپائے گا مگر وزارت تعلیم اور مالیگاؤں کی مقامی انتظامیہ کی مدد سے ہم مالیگاؤں میں تاریخ ساز کتاب میلہ کروانے میں کامیاب رہے،جس میں مالیگاؤں کے علاوہ مہاراشٹر، گجرات، تلنگانہ، کرناٹک وغیرہ سے لاکھوں کی تعداد میں شائقینِ کتب نے شرکت کی اور کروڑوں روپے کی کتابیں خریدیں۔ انھوں نے کہا کہ مالیگاؤں کتاب میلے کی اس کامیابی میں وہاں کی انتظامیہ اور میلہ کمیٹی کے ساتھ اجمل سعید صاحب کا اہم رول ہے جنھوں نے اس میلے کی کامیابی کے ساتھ انعقاد کے لیے رات دن ایک کرکے محنت کی،جس کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد ہوا اور مالیگاؤں قومی اردو کتاب میلہ2021 اب تک کا کونسل کا سب سے کامیاب میلہ ثابت ہوا ہے۔ میلہ انچارج و اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اجمل سعید نے بھی ڈائرکٹر کونسل،اسسٹنٹ ڈائرکٹر، مالیگاؤں میلہ انتظامیہ اور اپنے معاون اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقعے پر اسسٹنٹ ڈائرکٹر (ایڈمن) کمل سنگھ اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر(اکیڈمک) محترمہ شمع کوثر یزدانی نے بھی کتاب میلے کے کامیاب انعقاد پر اجمل سعید اور ان کے معاونین کو تہنیت پیش کی اور تمام عملے کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

