بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) سعادت گنج کی ادبی تنظیم "بزمِ ایوانِ غزل” کے زیرِ اہتمام آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں سعادت گنج کے وسیع ہال میں طرحی نشست کا انعقاد ہوا اس عظیم الشان نشست کی صدارت کے فرائض طنز و مزاح کے کہنہ مشق بزرگ شاعر بیڈھب بارہ بنکوی نے انجام فرمائے اور نظامت کی ذمہ داری معروف شاعر اسلم سیدنپوری نے بحسن و خوبی نبھائی اور مہمانانِ خصوصی کے طور پر عاصی چوکھنڈوی، ظہیر رامپوری اور راشد ظہور صاحبان نے اپنی شرکت درج کرائی، نشست کا آغاز اظہار حیات نے نعتِ نبئ اکرمﷺ سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع طرح
"اپنے پن کی ہر ادا بیگانہ پن تک لے چلو”
پر باقاعدہ طور پر طرحی نشست کی ابتداء ہوئی نشست بہت ہی زیادہ کامیاب رہی بہت زیادہ پسند کئے جانے والے کچھ اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں۔
چاند پر پڑھنا نشستیں ہیں تمہیں جو شاعرو
اپنی پروازِ سخن نیلے گگن تک لے چلو
بیڈھب بارہ بنکوی
دوستو میری صفت ہے دل سے دل کو جوڑنا
میں محبت ہوں مجھے ہر مرد و زن تک لے چلو
عاصی چوکھنڈوی
سیکھنا ہے مجھ کو کم لفظوں میں کرنا گفتگو
مجھ کو بھی تم محفلِ شعر و سخن تک لے چلو
ذکی طارق بارہ بنکوی
علم سے نا آشنا ہوں اہلِ فن تک لے چلو
اب مجھے بھی محفلِ شعر و سخن تک لے چلو
دانش رامپوری
تم ہنر ور ہو تو پھر ایسا کرو راشد ظہور
اپنے پن کی ہر ادا بیگانہ پن تک لے چلو
راشد ظہور
ایک مدت سے خزاں قسمت رہا ہوں لیکن اب
نکہتِ گل آئی ہے مجھ کو چمن تک لے چلو
اسلم سیدنپوری
مدتوں سے دیکھتا ہوں ہاتھوں کو کشکول میں
ہر برہنہ جسم کو اب پیرہن تک لے چلو
ظہیر رامپوری
حکم ہے پیغامِ حق ہر مرد و زن تک لے چلو
یہ نہیں اسلام بس مرغا مٹن تک لے چلو
انور سیلانی
میں بھی پانا چاہتا ہوں وصل کا کیف و سرور
اس محبت کو اے جاں اک دن ملن تک لے چلو
نازش بارہ بنکوی
تب کہیں شعر و سخن کا تم کو آئے گا ہنر
پہلے اپنے ذہن کو تم فکر و فن تک لے چلو
سحر ایوبی
شوق اردو پڑھنے کا بچوں میں بڑھتا جائے گا
اپنے بچوں کو ذرا شعر و سخن تک لے چلو
ارشد عمیر صفدر گنجوی
اک ستارہ فرش پر ٹوٹا ہوا کہنے لگا
اب بھی مجھ میں ہے ضیاء مجھ کو گگن تک لے چلو
قمر سکندر پوری
ان شعراء کے علاوہ مصباح رحمانی، مشتاق بزمی، ابو ذر انصاری، نعیم سکندر پوری، راشد رفیق چوکھنڈوی، اظہار حیات، صغیر قاسمی، طالب نور اور اقبال ادریسی وغیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا اور سامعین میں سماجی خدمت گار ادب دوست حافظ محمد الیاس، سیٹھ ارشاد انصاری، ماسٹر محمد شعیب ( پرنسپل فیضان العلوم انٹر کالج ) ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم، ماسٹر محمد راشد انصاری اور محمد ندیم انصاری صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔
بزمِ ایوانِ غزل کی آئندہ ماہانہ طرحی نشست مورخہ 30/ جون بروز اتوار مندرجہ ذیل مصرع طرح پر ہوگی،
"سزائیں بھیج دو ہم نے خطائیں بھیجی ہیں”
خطائیں:- قافیہ
بھیجی ہیں:- ردیف
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page