پٹنہ28 جنوری(پریس ریلیز) 16 جنوری سے شروع ہونے والااردو ریفریشر کورس کا آج اختتامی اجلاس شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ اس تقریب میں پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر گریش کمار چودھری، پرو وائس چانسلر اجے کمار سنگھ، ایچ آر ڈی سی کے ڈائرکٹر پروفیسر اتل کمار پانڈے، مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے سابق پرووائس چانسلر پروفیسر توقیر عالم، ایچ آر ڈی سی کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر سعید عالم کے علاوہ مختلف یونیورسٹی سے آئے ہوئے شرکا اور شعبہ کے اساتذہ، ریسرچ اسکالر اور کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات موجود تھے۔ پروگرام کاآغاز شمع افروزی سے ہوا۔ افتتاحی کلمات کورس آر ڈینٹر او رصدر شعبۂ اردو ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے انجام دئیے۔شعبہ کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کی عزت افزائی شال اور مومنٹو پیش کر کے کی گئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر گریش کمار چودھری نے کہا کہ ایک کامیاب استاد کے لیے ضروری ہے کہ وہ درس و تدریس کے علاوہ تدریس کے اہم امور پراپنی توجہ مرکوز کرے۔کیوں کہ وہ معلم کے ساتھ ساتھ سماج کا ایک باشعور اور ذمہ دار فرد بھی ہے۔انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایک کامیا ب استاد کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ تحقیقی عمل سے اپنا رشتہ ہمیشہ قائم رکھے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویسی زبانیں جس میں کم داخلے ہوتے ہیں، خاص طو رپر عربی اور فارسی، اس میں بطور خاص اساتذہ کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ طلبہ و طالبات کی دلچسپی ان مضامین کی طرف بھی پیدا کرنے کی کوشش کریں کیوں کہ ان مضامین میں روزگارکے بہترین مواقع موجود ہیں۔ پرووائس چانسلر اجے کمار سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کو پوری سنجیدگی کے ساتھ درس و تدریس کا فریضہ انجام دینا چاہیے۔ انہوں نےکہا کہ استاد کو اپنے مضمون کے علاوہ دیگر مضامین کے اہم پہلوأں پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔ مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے سابق پرووائس چانسلر پروفیسر توقیر عالم نے کہا کہ اساتذہ کو متن سے اپنا رشتہ مضبوط رکھنا چاہیے۔ ایک اچھے استادکو روزانہ کم سے کم سات آٹھ گھنٹہ مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔ ریفریشر کورس کے شرکا میں ڈاکٹر احمدکفیل اور ڈاکٹر رحمت یونس نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور کامیاب ریفریشر کورس کے انعقاد پر شعبۂ اردو اور ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر قسیم اختر نے منظوم تاثرات پیش کیے۔ ڈاکٹر سعید عالم ڈپٹی ڈائرکٹر ایچ آر ڈی سی کے شکریہ کے ساتھ بارہ روزہ ریفریشر کورس اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب میں ڈاکٹر سرور عالم ندوی، ڈاکٹر ہاشم رضا، ڈاکٹرمحمد ضمیر رضا، ڈاکٹر عشرت صبوحی ،ڈاکٹر شبنم، ڈاکٹر خورشید عالم ، پرویز عالم کے علاوہ کثیر تعداد میں اساتذہ، ریسرچ اسکالر اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

