غالب انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی میں اردو، فارسی اور موسیقی کلاسز کا سلسلہ گزشتہ ۸؍ جولائی سے جاری ہے۔ ۸نومبر کی شام ۵ بجے ان تینوں کلاسز کا مشترکہ پانچواں اجلاس ’بزمِ غالب ‘ کے عنوان سے منعقد ہوا۔ اس ثقافتی اجلاس کا آغاز غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد کے تعارفی کلمات سے ہوا۔ ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہیں جن سے اردو اور ہندستانی مشترکہ تہذیب کا فروغ ہو۔ اسی مقصد کے تحت ہم نے اردو، فارسی اور موسیقی کلاسز کا اہتمام کیا ہے۔ ہماری کوشش رہتی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی بات پہنچا سکیں۔ ان کلاسز کے ذریعے تقریباً ۲۰ ممالک کے طلبا ہمارے رابطے میں ہیں۔ میں استاد عبدالرحمٰن اور اردو فارسی کے استاد جناب طاہر الحسن کا دل سے شکرگزار ہوں جو پورے خلوص اور لگن سے طلبا کو اردو،فارسی اور موسیقی کی تعلیم دے رہے ہیں۔ یہ دونوں حضرات اپنے اپنے میدان میںنمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ میں ان کا اور ان تمام ناظرین کا شکر گزار ہوں جو ہمیں فیس بک یا یو ٹیوب پر لائو دیکھ رہے ہیں۔ افتتاحی تقریر کے بعد استاد عبدالرحمٰن نے اپنے مخصوص انداز میں غالب، فیض اور ابن انشا کے کلام سے محفل میں سماں باندھ دیا۔ استاد عبدالرحمٰن اور ان کی پوری ٹیم کی نمایاں کارکردی کو ناظرین نے خوب پسند کیا۔ پرو گرام کے اختتام پر استاد عبد الرحمٰن ان کی ٹیم اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ اس طرح کے ثقافی پروگرام کے انعقاد کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ طلبا زبان اور رسم الخط کے ساتھ تلفظ کی صحیح ادائگی سے بھی وقف ہو جائیں۔ میں انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تمام شرکا کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی آپ اسی طرح تعاون فرمائیں گے۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

