سرحدوں پر جان کی بازی لگانا چاہیے
قرض اپنے دیش کا مل کر چکانا چاہیے
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ریاست میں ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرس پر نئے تخلیق کاروں پر مبنی "تلاش جوہر” پروگرام کے انعقاد کے بعد اب ضلع ہیڈ کوارٹرس پر سینیئر تخلیق کاروں کے لیے "سلسلہ” کے تحت پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں. اس کڑی کا بیسواں پروگرام آریہ سماج ہال، اشوک نگر میں 11 اکتوبر، 2022 کو دوپہر 12:30 بجے سے شعری و ادبی نشست کا انعقاد ضلع کوآرڈینیٹر آر پی کامل کے تعاون سے کیا گیا.
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی کے مطابق مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے "سلسلہ” کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں. ضلع ہیڈ کوارٹرس پر منعقد ہونے والی نشستوں میں متعلقہ ضلعوں کے تحت آنے والے گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں وغیرہ کے ایسے تخلیق کاروں کو مدعو کیا جارہا ہے جنہیں ابھی تک اکادمی کے پروگراموں میں اپنی تخلیقات پیش کرنے کا موقع نہیں ملا ہے یا بہت کم ملا ہے. اس سلسلے کے بیس پروگرام بھوپال، کھنڈوہ، ودیشہ دھار، شاجاپور، ٹیکم گڑھ، ساگر، ستنا ریوا سیدھی، رائسین، سیونی، نرسنگھ پور، نرمدا پورم، دموہ، شیوپوری، گوالیار، برہانپور، دیواس، رتلام، بالاگھاٹ اور چھندواڑہ میں منعقد ہو چکے ہیں اور آج یہ پروگرام اشوک نگر میں منعقد ہوا ہے جس میں اشوک نگر کے تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں.
اشوک نگر کے ضلع کے کوآرڈینیٹر آر پی کامل نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری نشست میں 8 تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں. پروگرام کی صدارت سینئر شاعر سدھیر گپتا نے فرمائی، مہمان خصوصی کے طور پر پرمود کمار سنگھ (سی ای او ضلع پنچایت) اور مہمان ذی وقار کے طور پر سبھاش جین سرل اسٹیج پر موجود رہے. جن شاعروں نے اپنا کلام پیش کیا ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں.
تیرے اعمال نے پہچان بتا دی تیری
میں نے رسوا تیرا کردار کیا ہو تو بتا
خلیل اشک
سرحدوں پر جان کی بازی لگانا چاہیے
قرض اپنے دیش کا مل کر چکانا چاہیے
کالے خاں اثر
قطرے قطرے کی ضروت ہے ابھی پیاسے کو
بعد مرنے کے کرے گا کیا سمندر لے کر
شمیم مالوی
ایک دن وہ زمیں پر آئے گا
چاند پر جس نے گھر بنائے ہیں
جمنا پرساد بیتاب
یہ قول وطن سے ہے، اقرار وطن سے ہے
میں جان لٹا دوں گا مجھے پیار وطن سے ہے
آر پی کامل
میرے ہونٹوں پہ انکساری ہے
ایک لمحہ صدی پہ بھاری ہے
ضمیر الدین ضمیر
سنا ہے تیرے در ہجوم آستاں ہوگا
محمد مصطفیٰ صل علٰی کا ذکر یاں ہوگا
دودھناتھ مدھوکر
شعری و ادبی نشست کی نظامت کے فرائض خلیل اشک نے انجام دیے.
پروگرام کے آخر میں آر پی کامل نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سےتمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا.
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

