اس یادگاری خطبے کا اہتمام بزم صدف کی جانب سے بہار اردو اکادمی میں کیا جائے گا
پٹنہ(پریس ریلیز): انڈین پولس سروس کے افسر کی حیثیت سے میرٹھ کے فسادات کے موقعے سے اپنی حیرت انگیز انسانی خدمات کی انجام دہی کے لیے جناب وبھوتی نرائن رائے کا نام محتاجِ تعارف نہیں۔شہر میں ’کرفیو‘ اور ’ہاشم پورہ‘ جیسے مشہورِ زمانہ ناولوں کے لیے دنیا کی متعدّد زبانوں میں جانے پہچانے ہندی زبان کے مصنّف وِبھوتی نرائن رائے بزمِ صدف کی دعوت پر اتوار کو بہار اردو اکادمی کے سے می نار ہا ل میں پہلا شفیع جاوید یادگاری خطبہ پیش کریں گے۔خطبے کا موضوع ملک میں جو صورتِ حال ہے اس کے پیشِ نظر ’ہندستانی جمہوریت: موجودہ چیلنجز‘ متعیّن کیا گیا ہے۔
بزمِ صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے اپنے پریس اعلانیہ میں اس خطبے کی تفصیل بتاتے ہوئے یہ اطّلاع دی کہ ممتاز افسانہ نگار شفیع جاوید کے نام سے اس یاد گاری خطبے کے دائرۂ کار میں یہ بات شامل رکھی گئی ہے کہ ہندستانی فکشن، ہندستانی جمہوریت اور حقوقِ انسانی کی بازیافت کے لیے جو موثّر سرگرمیاں ہو رہی ہیں، اسے شفیع جاوید کی زندگی اور خدمات کے دائرۂ کار کے حوالے سے موضوعِ بحث بنایا جائے گا۔ اِسی مقصد سے ممتاز ناول نگار اور دانش ور، مہاتماگاندھی بین الاقوامی یونی ورسٹی کے وائس چانسلر اور ملک میں سیکولر اور جمہوری اقدار کے سلسلے سے اپنی خدمات کے لیے اعتبار حاصل کرنے والے فن کاروِبھوتی نرائن رائے کو بزمِ صدف کی جانب سے دعوت دی گئی ہے کہ پہلا شفیع جاوید یادگاری خطبہ پیش کریں۔شفیع جاوید کی دوسری برسی ۱۲؍ دسمبر ۲۰۲۱ ء بہ روز اتوار، ۱۱؍ بجے دن میں جناب وبھوتی نرائن رائے بہار اردو اکادمی کے سے می نار ہال میں اپنا خصوصی خطاب پیش کریں گے۔
اس مخصوص تقریب کی صدارت ہندی کے مشہور شاعرجناب آلوک دھنواکریں گے۔ جناب شفیع مشہدی، جناب عبدالصّمد ، جناب پریم کمار منی،ڈاکٹر ریحان غنی،پروفیسر کمار چندردیپ اس خصوصی مذاکرے میں شرکت کریں گے۔منتظم کی حیثیت سے جناب صفدرامام قادری نے عوام و خواص سے گزارش کی ہے کہ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں شریک ہوں اور اخبار کے اس اطّلاع نامے کو ہی دعوت نامہ تصوّر کریں۔
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

