پریس ریلیز
نئی دہلی (۲۵ /مارچ، ۲۰۲۲ء) :
اردو کے ممتاز محقق و نقاد اور شعبۂ اردو ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر ، پروفیسر شہزاد انجم کو شیخ الجامعہ کی جانب سے اکادمی برائے فروغِ استعداد ِاُردو میڈیم اساتذہ ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کا اعزازی ڈائریکٹر نامزد کیا گیا ہے، جس کی ذمہ داری انھوں نے آج سنبھال لی ہے۔ اِس خبر سے علمی و ادبی حلقوں اور جامعہ برادری میں خوشی و مسرت پائی جاتی ہے اور امید کی جاتی ہے کہ اکادمی کو اُن کی آمد سے یقینا فائدہ ہوگا۔ واضح ہو کہ پروفیسر شہزاد انجم شعبۂ اردو ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سب سے سینئیرپروفیسر اور مکتبہ جامعہ ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں ۔
پروفیسر شہزاد انجم کا شمار عہد حاضر کے اُن چند ممتاز ادیبوں میں ہوتا ہے جن کی تحریریں دعوتِ فکر و نظر دیتی ہیں ۔اُن کی کتابیں،اردو کے غیر مسلم شعرا و ادبا ، عہد ساز شخصیت : سر سید احمد خاں ، دیدہ ور نقاد : گوپی چند نارنگ ، آزادی کے بعد اُردو شاعری ، اظہر عنایتی : ایک سخنور ، احتشام حسین کی تخلیقی نگارشات ، تنقیدی جہات ، اُردو اور ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی وراثت ، رابندر ناتھ ٹیگور :فکر و فن ، رابندر ناتھ ٹیگور : شاعر اور دانشور، دیوانِ شیدا وغیرہ شائع ہو چکی ہیں ۔ ڈاکٹر شہزاد انجم کے تحریر کردہ مونو گراف ،محمد علی جوہر ، احتشام حسین ، پروفیسر سید محمد حسنین (ساہتیہ اکادمی)، خواجہ الطاف حسین حالی (دہلی اُردو اکادمی) اور،مرزا اسد اللہ خاں غالب (مغربی بنگال اُردو اکادمی ) بھی زیور طبع سے آراستہ ہو چکے ہیں ۔ اُنھوں نے بحیثیت کو آرڈینیٹر، شعبۂ اُردو ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام وزارت ثقافت ،حکومت ہند کے مالی تعاون سے ’’ ٹیگور ریسرچ اینڈ ٹرانسلیشن اسکیم ‘‘ کوبحسن و خوبی پایۂ تکمیل تک پہنچایا جو اُردوادب کا ایک تاریخی، مثالی اور قابلِ فخر کارنامہ ہے ۔
اپنی اِس نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پروفیسر شہزاد انجم نے شیخ الجامعہ پروفیسر نجمہ اختر اور رجسٹرار پروفیسر ناظم حسین الجعفری کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انھوں نے یہ اہم ذمہ داری عنایت کی اور یہ بھی اُمید دِلائی ہے کہ وہ نئے نظریات و افکار سے اِس اکادمی کے فروغ کے لیے کوشاں رہیں گے ۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

