اردو کی طرح سندھی زبان کی ملک گیر ترویج و اشاعت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے:پروفیسر شیخ عقیل احمد
نئی دہلی : مرکزی وزارت تعلیم حکومت ہند کی طرف سے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر پروفیسرشیخ عقیل احمد کوقومی کونسل برائے فروغ سندھی زبان کے ڈائریکٹرکا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کی ہدایت کے مطابق شیخ عقیل احمد سندھی کونسل کے ڈائریکٹر کے طور پر، باقاعدہ ڈائریکٹر کی تقرری یا قومی اردو کونسل میں اپنی مدتِ کار تک خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں مرکزی وزارت تعلیم نے قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر کے طورپر ان کی خدمات کے تئیں اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے ان کی مدتِ کار میں توسیع کی تھی اور اب انھیں سندھی کونسل کے ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔
این سی پی ایس ایل کے ڈائریکٹر کا اضافی چارج سنبھالنے کے بعد شیخ عقیل احمد نے کہا کہ وہ وزارت تعلیم کے اعتماد اور امیدوں پر کھرا اترتے ہوئے اپنی نئی ذمے داری کو کماحقہ نبھانے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم نے پورے ملک میں اردو زبان کے فروغ کے لیے مؤثرکوششیں کی ہیں اور کررہے ہیں،اسی طرح سندھی زبان کو بھی ملک کے تمام خطوں میں پہنچانے اور غیر سندھی طبقات کو بھی اس زبان کی طرف راغب کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ عنقریب ملک بھر میں چلنے والے سندھی زبان کے سینٹرز اور چیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور انھیں پہلے سے زیادہ فعال اور نتیجہ خیز بنانے کی سمت میں مؤثر قدم اٹھایا جائے گا۔شیخ عقیل نے کہا کہ غیر سندھی خطوں میں بھی سندھی زبان کے فروغ کے لیے خصوصی لائحۂ عمل بنایا جائے گا اور اس کے لیے دستیاب وسائل و ذرائع کے ساتھ مختلف این جی اوز کا بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |