مانو لکھنؤکیمپس میں مختلف النوع مقابلوں کا انعقاد
لکھنؤ۔۲۶،مئی۔ ۲۰۲۳
طلبا کو سرگرم رکھنے کے لیے مقابلے بہت ضرو ری ہیں ۔اس سے صلاحیت میں اضافہ بھی ہوتا ہے ۔میں آج کے مقابلے میں کام یاب ہونے والے کیمپس کے تمام طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ اشتراک عمل کے اسی جذبہ سے جس میں کہ محبت اور بھائی چارے کا عنصر نمایاں تھا آپ اپنی زندگی میں بھی جاری و ساری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار کیمپس کی انچارج ڈاکٹر ہما یعقوب نے طلبہ کی طرف سے ’’آفاق ۔تہذیب کی ایک شام ‘‘کے عنوان سے منعقد مختلف النوع مقابلے میں نتائج کے اعلان کے بعد اختتامی کلمات کے طور پر کیا ۔
کیمپس کی انچارج ڈ اکٹر ہما یعقوب نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے تمام طلبہ و طالبات اور ریسرچ اسکالرز کی ستائش کی اور کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے یادگار ہے ۔طلبہ نے ٹیم ورک کے ساتھ نہایت سلیقے کے ساتھ نہ صرف پروگرام کااہتمام کیا بلکہ اسی کے ساتھ مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات نے بھی شائستگی اور سلیقہ مندی کا مظاہرہ کرکے کیمپس کے وقار میں اضافہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ کیمپس کے طلبہ کی طرف سے ممیکری،نغمہ نگاری،Salad Dressingاور کھیل کے بعض مقابلے ہوئے ۔آغاز میں محمد عاصم نے قرآن پاک کی تلاوت کی اس کے بعد طلبہ نے یونی ورسٹی کا ترانہ پیش کیا۔ان مقابلوں میں علی الترتیب اول اور دوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کے نام اس طرح ہیں۔محمد ذیشان،(ایم اے انگریزی سمسٹردوم )،ضیاء الرحمن(بی اے سمسٹر ششم)۔صفا ابراہیم(ایم اے اردو سمسٹر دوم )،محمد طلحہ (ایم اے انگریزی سمسٹر دوم )۔عالیہ ارشاد(ایم اے اردو سمسٹر دوم )سدرہ بانو(بی اے سمسٹر چہارم )۔گرین اسٹار اور یلو فائٹرس۔
کیمپس کے ان مختلف مقابلوں میں ڈاکٹر نور فاطمہ،ڈاکٹر اکبر علی،ڈاکٹر تعظیم حیدر۔ڈاکٹر سرفراز احمد ،ڈاکٹر مصطفی اطہر،ڈاکٹر ظفر عالم ۔ڈاکٹر عمیر منظر،ڈاکٹر شاہ محمد فائز،ڈاکٹر عشرت ناہید۔ڈاکٹر شری نواس بندہ میدی اورڈاکٹر فردوس حمید پرے نے جج کے فرائض انجام دیے ۔ان مختلف پروگراموں میں واحد علی اور سدرہ بانو اور محمد اعظم رضا نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔اس موقع پر طلبہ نے مولانا آزاد کے قیام رانچی کے حوالے سے ایک مختصر ڈرامہ پیش کیا جس میں محمد ذیشان،ضیاء الرحمن،محمد غفران اور معراج عالم نے جواہر لال نہرو،مولانا آزاد،سردار پٹیل اور ایک عام مسلمان کا کردار ادا کیا ۔طلبہ نے ان پروگراموں کی نہ صرف ستائش کی بلکہ داد و تحسین سے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔
طلبہ نے ان مقابلوں اور پروگرام کی تیاری ڈاکٹر ریاض احمد گنائی،ڈاکٹر بشری تزئین اور ڈاکٹر محمد وحید خان کی نگرانی میں کی تھی ۔اس موقع پر ڈاکٹر ریاض احمد گنائی نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام آیندہ بھی ہوتے رہیں گے ۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page