پٹنہ (۱۹ اکتوبر ۲۰۲۲ء)
شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں جاری سرسید تقریبات سلسلہ کی ایک اہم کڑی کے طور پر آج طلبہ وطالبات کے مابین کوئز مقابلہ کا اہتمام کیاگیا۔ پروگرام کی صدارت صدر شعبۂ اردو پروفیسر شہاب ظفر اعظمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد عارف حسین اور شاہد وصی نے مشترکہ طور پر انجام دیے ۔ مہمانان خصوصی اور ججز کی حیثیت سے پروفیسر محمد سعید عالم ، ڈاکٹر سرور عالم ندوی صدر شعبۂ عربی ، ڈاکٹر سورج دیو سنگھ صدر شعبۂ اردو مگدھ مہیلا کالج ، ڈاکٹر ہاشم رضا اور ڈاکٹر سلیم اختر نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر سورج دیو سنگھ نے یوم سرسید تقریبات کے انعقاد پر فرحت وانبساط کا اظہار کرتے ہوئے شعبہ کے اساتذہ وریسرچ اسکالرز کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کوئز مقابلہ میں شرکت کرکے خود انہیں بہت کچھ جاننے کا موقع ملا۔ پروفیسر سعید عالم نے کوئز مقابلہ میں طلبہ کے ساتھ بڑی تعداد میں طالبات کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کا نعقاد ہوتے رہنا چاہیے اس سے طلبہ کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری میں مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی کو بہار کا سب سے متحرک وفعال شعبہ قرار دیتے ہوئے صدر شعبہ کی ستائش کی ۔ ڈاکٹر سرورعالم ندوی نے فرمایا کہ میںنے جب سے یونیورسٹی کی ملازت اختیار کی ہے شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی کو طلبہ کی فلاح وبہودمیں ہمیشہ سرگرداں پایا ہے ۔ یہاں قسم قسم کے پروگراموں سے نہ صرف طلبہ کی تربیت کی جاتی ہے بلکہ ان کی علمی ودرسی ضروریات کے مطابق پروگرام بھی کئے جاتے ہیں۔ یہ کوئز مقابلہ طلبہ کی ذہنی آبیاری میں بے حد مفید ثابت ہوگا۔
واضح ہو کہ آج دن کے گیارہ بے کوئز مقابلے کا آغاز ہوا جس میں طلبہ نے حالی اور شبلی کے نام سے دو گروپس میں حصہ لیا ۔ ان سے کل چالیس سوالات پوچھے گئے ۔ حالی گروپ نے سب سے زیادہ درست جواب دے کر فتح حاصل کیا۔ دونوں گروپ میں ایم اے سال اول و دوم کے دس دس طلبہ نے حصہ لیا تھا ۔ جبکہ سامعین کی صف میں شعبے کے دیگر تمام طلبہ وطالبات نے شرکت کی اور سوالات سے استفادہ کیا۔ ڈاکٹر محمد عارف حسین نے بتایا کہ کل ۲۰ اکتوبر کو شعبے میں بیت بازی مقابلے کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ جبکہ ۲۲ اکتوبر کو اختتامی تقریب ہوگی جس میں شرکت کرنے والے طلبہ کو اسناد واعزاز سے نوازا جائے گا۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page

