’’اردو کی ادبی صحافت‘‘ پر ہو گا عالمی سیمینار، ملک و بیرونِ ملک کے اسکالرز کریں گے شر کت:پروفیسر اسلم جمشید پوری
اردو، ہندی، انگریزی، سنسکرت اورفارسی میں ہونے والا یہ سیمینار زبانوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے میں معاون ہوگا:ڈاکٹر نگار عظیم
فیسٹیول میں عالمی سیمینار،عالمی مشاعرہ،ڈراما،شام ِغزل ،محفل افسانہ،آرٹ گیلری،میجک شو،بک فیئر اور کتابوں کا اجراء رہے کا شامل: ڈاکٹر آصف علی
میرٹھ19؍ اکتوبر2022ء
آج یہاں شعبۂ اردو، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی،میرٹھ کے پریم چند سیمینار ہال میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں معروف افسانہ نگار و ناقد اور صدر شعبۂ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شعبۂ اردو، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی،میرٹھ اوربین الاقوامی نوجوان اردو اسکالرز انجن(آیوسا) اتر پردیش اردو اکادمی کے اشتراک سے 28 ؍اکتوبر2022 ء ،بروز جمعہ سے پانچ روزہ بین الا قوامی کثیر لسانی نوجوان اردو اسکالرس فیسٹیول(اردو، ہندی، انگریزی، سنسکرت، فارسی)بعنوان’’ اردو کی ادبی صحافت‘‘ کا انعقاد کرنے جارہا ہے جس کا افتتاح3:30؍ بجے اپلائڈ سائنس آڈیٹوریم، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ میں ہوگا۔شمع افروزی کی رسم پروفیسر سنگیتا شکلا (شیخ الجامعہ چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ) ادا کریں گی ۔صدارت کے فرائض محترم سید محمد اشرف( معروف افسانہ نگار،سابق آئی آر آفیسر) اور مہمانانِ خصوصی کے بطور ڈاکٹر سومیندر تومر(وزیر توانائی،حکومت اتر پردیش) اورمحترم کیف الوریٰ(چیئر مین اتر پردیش اردو اکادمی، لکھنؤ) شریک ہوں گے۔ جب کہ مہمانانِ اعزازی کے طور پرمحترم عارف نقوی(صدر اردو انجمن، برلن،جرمنی) اورپروفیسر یوسف عامر(سابق شیخ الجامعہ، الازہر یونیورسٹی،مصر)شر کت کریں گے۔ان کے علاوہ سعودی عرب سے مہتاب قدر، تنویر احمد طمع پوری، مصر سے ڈاکٹر ولا جمال العسیلی،بنگلہ دیش سے ڈاکٹر حسین البنا اور لندن سے فہیم اختر کی آمد متوقع ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے اسٹیٹ سے اس فیسٹیول میں اسکالرز شر کت کریں گے۔ڈاکٹر نگار عظیم نے بتایا کہ بنات کی تمام بہنیں ہندوستان بھر سے اس فیسٹیول میں شر کت کریں گی اور ان کے دو اجلاس منعقد ہوں گے سا تھ ہی بنات کی جانب سے محفل افسانہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور میں سمجھتی ہوںکہ اردو،ہندی ،انگریزی، سنسکرت اور فارسی زبانوں میں ہونے والا یہ سیمینار زبانو ں کے درمیان دوریاں ختم کرنے میں معاون ہوگا۔
ڈاکٹر آصف علی نے پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول میں عالمی سیمینار کے علاوہ عالمی مشاعرہ،شام غزل، ڈراما، محفل افسانہ،آرٹ گیلری،میجک شو،بک فیئر اور کتابوں کا اجراء جیسے مختلف پروگرام شامل رہیں گے اور بین الاقوامی سطح کے فن کار مثلاً عالمی مشاعرہ میں ڈاکٹر ولا جمال العسیلی،مصر،مہتاب قدر،جدہ،فہیم اختر ،لندن، اظہر اقبال،میرٹھ، پروفیسر فاروق بخشی،حیدر آباد،آرٹ گیلری،ڈاکٹر عابد زیدی،میجک شو،عالمی شہرت یافتہ معراج انصاری اور شام غزل میں مکیش تیواری حصہ لیں گے۔ڈاکٹر شاداب علیم نے پریس کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ فیسٹیول کے دوران ہی شعبۂ اردو کا ریسرچ جرنل ہماری آ واز کے خصوصی شمارہ’’دبستان میرٹھ‘‘ کے علاوہ حال ہی میں شعبے کے اساتذہ اور طلبہ کی کتابوں کے اجراء بھی عمل میں آئیں گے۔ڈاکٹر ارشاد سیانوی نے کہا کہ یہ پانچ روزہ ادبی میلہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس میں بیرون ملک کے علاوہ ہندوستان بھر سے مثلاً جموں و کشمیر سے پروفیسر عارفہ بشریٰ، ڈاکٹر ریاض توحیدی،عرفان عارف،پروفیسر قدوس جاوید،دہلی سے پروفیسر ارتضی، کریم، پروفیسرشہپر رسول، پروفیسر کوثر مظہری،ڈاکٹر یامین انصاری، ڈاکٹر فرمان چودھری،نوازش مہدی،لکھنؤ سے عشرت ناہید، ڈاکٹر وصی اعظم انصاری،ڈاکٹر ریشما پروین،الہ آباد سے،پروفیسر شبنم حمید، پروفیسر صالحہ رشید،علی گڑھ سے پروفیسر صغیر افراہیم، توصیف بریلوی، رام پور سے یوسف رامپوری،نصرت شمسی،حیدر آباد سے پروفیسر فاروق بخشی،ڈاکٹر ظفر گلزار،ڈاکٹر کہکشاں لطیف، بنارس سے جاوید انور، جمشید پور سے نوشاد عالم، پٹنہ سے شہاب ظفر اعظمی،گیا،بہار سے احمد صغیر، مالیر کوٹلہ پنجاب سے بشیر مالیر کوٹلوی،کیرالا سے کے پی شمس الدین ،ڈاکٹر شمع افروز زیدی،دہلی،محترمہ نفیسہ سلطانہ انا، بھوپال، محترمہ ثریا جبیں،پٹنہ ،محترمہ تسنیم کوثر ،دہلی ڈا کٹر آمنہ تحسین،حیدر آباد،محترمہ فریدہ رحمۃ اللہ،بنگلورو، محترمہ تسنیم کوثر،دہلی،سیدہ تبسم نانڈیکر،ممبئی ،شریک ہوں گے۔پریس کانفرنس میں شکریے کی رسم ڈاکٹر الکا وششٹھ نے ادا کی۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page


1 comment
قابلِ ستائش