سوال (1)
ایک خاتون سفر حج پر جا رہی ہیں _ ان کی ماہ واری جاری ہو گئی ہے ، جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں _ کیا وہ یہیں سے احرام کی نیت کرسکتی ہیں ، یا پاک ہونے کے بعد انہیں احرام باندھنا ہوگا ؟
جواب :
عورت حالتِ حیض میں احرام باندھ سکتی ہے _ وہ وضو یا غسل کرکے احرام کی نیت کرلے اور تلبیہ پڑھ لے _ مکہ مکرمہ پہنچ کر پاک ہونے کا انتظار کرے _ پاک ہونے کے بعد غسل کرکے عمرہ کرے _ پھر ایام حج آنے پر مناسک ادا کرے _ اس صورت میں اس کے ذمے دم لازم نہیں ہوگا _
سوال (2)
پڈّا (بھینس کا بچہ) پیدا ہونے پر اس کا ایک کان کنارے سے تھوڑا سا کاٹ دیا گیا تھا _ کیا اب اس کی قربانی ہوسکتی ہے؟
جواب :
جانور کا کان ایک تہائی سے کم کٹا ہوا ہو تو اس کی قربانی ہوسکتی ہے _
سوال (3)
دو بکروں کی لڑائی ہوئی _ اس میں ایک بکرے کا سینگ ٹوٹ گیا _ کیا اس کی قربانی جائز ہے؟
جواب :
اگر سینگ بالکل ٹوٹ گیا ہو ، یہاں تک کہ دماغ(بھیجہ) دکھائی دینے لگا ہو تو اس کی قربانی درست نہیں _ اگر جڑ سے نہ ٹوٹا ہو تو اس کی قربانی ہوسکتی ہے _
سوال (4)
کیا قربانی کے بڑے جانور میں کچھ حصے عقیقہ کے ہوسکتے ہیں؟
جواب :
فقہ حنفی میں اس کی اجازت ہے _ اس کی دلیل یہ دی گئی ہے کہ دونوں اعمال تقرّب الی اللہ کے لیے ہیں ، اس لیے ایک جانور میں دونوں کو جمع کیا جاسکتا ہے _ اہل حدیث حضرات کہتے ہیں کہ اللہ کے رسولﷺ نے عقیقہ صرف چھوٹے جانور کا کیا ہے ، اس لیے بڑے جانور میں عقیقہ کے حصے لینا درست نہیں _
سوال (5)
کیا ذی الحجہ کا چاند ہوجانے کے بعد قربانی کا ارادہ کرنے والے کے لیے قربانی تک ناخن کاٹنا اور بال بنوانا جائز نہیں؟
جواب :
حدیث میں اس سے منع کیا گیا ہے (مسلم :1977) اس لیے بعض علماء ناجائز قرار دیتے ہیں _ امام شافعی مکروہ کہتے ہیں _ امام ابو حنیفہ کہتے ہیں کہ مکروہ بھی نہیں ہے _ دلیل میں وہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی ایک حدیث پیش کرتے ہیں ، جس کے مطابق ان ایام میں کوئی پابندی نہیں _
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page