ادارۂ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے زیر اہتمام پہلے توسیعی خطبے کا انعقاد
نئی دہلی (26 اگست 2024)
اسلامی اقدار نئی غزل کے روشن استعارے کی حیثیت رکھتی ہیں۔ خدا کا تصور، اس کی وحدانیت اور تاریکی میں خدا کے روشن ہونے کا استعارہ نئی غزلوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تجلی اور نور کو اس پر آشوب عہد میں نئے غزل گویوں نے اپنے فکر کا حصہ بنائے رکھا ہے۔ نئی غزل کا غالب میلان الحاد اور انکار کے بجائے اللہ کی ربوبیت اور اس کے وجود کا اقرار ہے۔ تصوف کی روایت سے متاثر ہو کر نئی غزل میں بھی خودی، خودداری، ترک دنیا، ایثار، قناعت پسندی اور قلندی وغیرہ کا عنصر اپنی پوری قوت کے ساتھ نمایاں نظر آتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ادارۂ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے زیر اہتمام کانفرنس ہال مرکز جماعت اسلامی ہند میں پہلے توسیعی خطبے میں پروفیسر کوثر مظہری نے کیا۔
اس توسیعی خطبے کا عنوان ’اردو غزل اور اسلامی اقدار‘ تھا۔ پروفیسر کوثر مظہری نے اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب خدا، مذہب اور آخرت پر تشکیک اور اس کی تضحیک کا زمانہ لد گیا۔ آج کی شاعری مذہبی معتقدات کے خمیر سے نموپذیر ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
پروفیسر حسن رضا (صدر ادارۂ ادب اسلامی ہند) نے صدارتی خطبے میں کہا کہ حیات و کائنات کے تمام مظاہر کی اصل بنیاد تصورِ اقدار پر ہے۔ کسی بھی زبان، ادب اور تہذیب کا تصورِ قدر جیسا ہوگا اسی بنا پر اس کا وجود اور ظہور ہوگا۔ اسلام کا بھی اپنا ایک تصور اقدار ہے۔ جس کی بنیاد توحید، رسالت اور آخرت پر ہے۔ اسلام کا تصور حق خدا سے وابستہ ہے، تصور خیر اسوۂ رسول سے منسلک ہے اور اس کا تصور جمال اخروی فلاح یعنی جنت پر مبنی ہے۔ اب ان بنیادوں پر جو بھی ادب وجود میں آئے گا وہ اسلامی ادب ہوگا۔
اس موقع پر معروف ادیب پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اس خطبے کا عنوان اور اس خطبے کے مباحث عمومی ادبی فضا سے مختلف ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس موضوع پر باضابطہ ایک سمینار کا انعقاد کیا جائے۔
ڈاکٹر خالد مبشر (صدر ادارۂ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی) نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ حلقہ دہلی کی جانب سے پہلا توسیعی خطبہ ہے، لہٰذا یہ موقع ہمارے لیے نہایت مسرت اور سعادت کا ہے۔ اس خطبے کے خطیب، صدر اور معزز حاضرین موجودہ ادبی منظرنامے میں تخلیقی اور تنقیدی سطح پر غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان کی موجودگی نے اس جلسے کو یادگار بنا دیا ہے۔
مصدق مبین (سکریٹری ادارۂ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی) نے بحسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ادارہ، توسیعی خطبہ، خطیب اور صدر جلسہ کا نہایت مختصر اور جامع تعارف پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز ابراہیم خان کی تلاوت اور اختتام ساجد انصاری (معاون مدیر ماہ نامہ پیش رفت) کے اظہار تشکر پر ہوا۔ اس موقع پر صدر ادارہ پروفیسر حسن رضا نے مہمان مقرر پروفیسر کوثر مظہری کی خدمت میں مومنٹو بھی پیش کیا۔
توسیع خطبے میں حسنین سائر(ناظم اعلیٰ ادارہ ادب اسلامی ہند)، راشد جمال فاروقی، انتظار نعیم، ڈاکٹر وقار انور، سہیل انجم، ڈاکٹر ماجد دیوبندی، شفیع مدنی، ڈاکٹر نصیب خان، شکیل جمالی، ڈاکٹر عمر فاروق، محمد اقبال، سمیع احمد، ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر انوار الحق، ڈاکٹر فیضان شاہد، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر شاہ نواز فیاض، ڈاکٹر خوشتر زرین ملک، ڈاکٹر محمد قمر، ڈاکٹر زاہد احسن، ڈاکٹر رومی، عبد الماجد، سفیر صدیقی اور شاہد انصاری کے علاوہ بڑی تعداد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، جے این یو اور دہلی یونی ورسٹی کے ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page