قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے ڈائرکٹر کی خدمات کے اعتراف میں انھیں رہنمائے ’کاروان اردو ایوارڈ‘ پیش کیا جائے گا
وانمباڑی:الکوثر ریسرچ فاؤنڈیشن وانمباڑی نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمدکی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں’ رہنمائے کاروان اردو‘ ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر عقیل احمد ایک فعال و متحرک دانشور،سنجیدہ و بصیرت مند ناقد اور ہمہ جہت صلاحیتوں کی حامل شخصیت ہیں ،وہ دو دہائی سے زائدعرصے سے دہلی یونیورسٹی کے ستیہ وتی کالج میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور گزشتہ تقریباً پانچ سالوں سے ہندوستان میں فروغ اردو کے سب سے بڑے ادارے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے مصروفِ خدمات ہیں ۔ اردوادب ، تنقیدو تحقیق کے مختلف موضوعات پر ان کی پندرہ کتابیں اور ہندی،اردو و انگریزی میں سو سےزائد مضامین شائع ہوچکے ہیں اور وہ درجنوں نیشنل اور انٹرنیشنل سمیناروں میں علمی،ادبی و تنقیدی موضوعات پر مقالات پیش کرچکے ہیں۔انھوں نے متعدد کتابوں کا ہندی سے اردو میں ترجمہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ بحیثیت مہمان خصوصی،صدر جلسہ اور خصوصی مقرر کی حیثیت سے بھی انھوں نے ملک و بیرون ملک کے درجنوں سمینار، کانفرنس اور سمپوزیم و مذاکروں میں شرکت کی اور لیکچرز دیےہیں۔
2018میں کونسل کا ڈائریکٹربنتے ہی شیخ عقیل احمد نے یہ عہد کیا تھا کہ اردو کونسل کو کشمیر سے کنیا کماری تک پہنچانا ہے ۔آج ان کی کوششیں رنگ لاچکی ہیں اور مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک پورے ملک میں اردو زبان کا علَم لہرا رہا ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں میں اردو زبان کا بول بالا ہونے کے ساتھ اردو کی نئی بستیاں آباد ہورہی ہیں۔کونسل کی اسکیموں کا فائدہ دور دراز کے خطوں تک پہنچ رہا ہے اور نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑنے کاکام ہو رہا ہے۔گوا،کیرالا،جزائر انڈمان و نیکوبار،منی پور و آسام وغیرہ جیسے خطوں تک بھی اردوزبان کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔شیخ عقیل احمد کو اردو زبان و ادب کی بے مثال خدمات کے عوض مْختلف قومی و بین اقوامی تنظیموں اور ادبی اداروں کی جانب سے بہت سے انعامات و اکرامات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
شیخ عقیل احمد کی ہمہ جہت شخصیت اور خدمات کا اعتراف علمی و ادبی حلقوں میں نہ صرف زبانی بلکہ تحریری و تصنیفی سطح پر بھی کیا جارہا ہے۔چنانچہ وقتاً فوقتاً ملک کے مختلف اہل علم و قلم ان کی شخصیت اور خدمات کے کسی نہ کسی پہلو پر تنقیدی و تجزیاتی مضمون لکھتے رہتے ہیں،مختلف مجلات و رسائل نے ان پر خصوصی نمبرز شائع کیے ہیں ،ساتھ ہی ان کی شخصیت و خدمات پر چالیس سےزائد مضامین کا مجموعہ بھی زیر طبع ہے۔ ان کی قابل قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے الکوثر طب نبوی ریسرچ فاؤنڈیشن،وانمباڑی نےبھی ایک اعزازی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہےجس میں فاؤنڈیشن کی جانب سے پروفیسر عقیل کی خدمت میں ’رہنمائے کاروان اردو‘ ایوارڈپیش کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس تقریب کا انعقاداسلامیہ کالج وانمباڑی میں فاؤنڈیشن کے بانی و سرپرست ، ملک کے معروف معالج ڈاکٹر حکیم کوثر صاحب کی سرپرستی میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقعے پر ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں اہل علم اور دانشوران کی شرکت متوقع ہے۔
(رابطہ عامہ سیل)
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page