اردو زبان وادب کی ترویج و ترقی کے لیے اکیڈمی کا ایک اہم کردار: ڈکٹرتابش ؔمہدی
مالیرکوٹلہ 28جنوری (ظہور) پنجاب اردواکیڈمی کی جانب سے اردو زبان وادب کے فروغ کے لیے آئے دن کوئی نہ کوئی ادبی تقریب کا انعقاد ہوتارہتا ہے۔ انہیں ادبی تقاریب کی لڑی کے تحت جشنِ جمہوریت کے مبارک موقع پر اکیڈمی جانب سے ایک قومی مشاعرے کاانعقاد کیا گیا۔اس جشن جمہوریت قومی مشاعرہ کی صدارت کے لیے عالمی شہرت یافتہ شاعر و ادیب ڈاکٹرتابشؔ مہدی صاحب دہلی سے تشریف لائے اور مہمان خصوصی کے طور ڈاکٹرمحمد جمیل الرحمن، ایم ایل ایم ، مالیرکوٹلہ و وائس چیئر مین ، پنجاب اردواکیڈمی ، مالیرکوٹلہ نے مشاعرہ میں شرکت کی۔
جشن جمہوریت قومی مشاعرہ کے آغاز سے پہلے اکیڈمی کی ادبی سرگرمیوں کے بارے میں مختصراًروشنی ڈالتے ہوئے تقریب کے ابتدائی ناظم جناب ساجد اسحاق نے کہاکہ اکیڈمی کی جانب سے اردو زبان وادب کے فروغ کے لیے جہاں ادبی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتاہے وہیں اکیڈمی کی تاریخ میں امسال پہلی مرتبہ اردو ادباء کے لیے اعزازات ، پنجاب کے مختلف آٹھ اضلاع میںاردو تعلیمی مراکز کاقیام ، اردو کی ابتدائی تعلیم کے لیے اردو پنجابی قاعدہ کی اشاعت اور اکیڈمی کا سالانہ کیلنڈر 2024 جس کا ابھی اجراء کیا جائیگا، قابل ستائش اقدام ہیں۔اس کے بعد صدر مشاعرہ ڈاکٹرتابشؔ مہدی، مہمانِ خصوصی ڈاکٹرمحمدجمیل الرحمن اور مہمانانِ اعزازی محترمہ فریال رحمن اور مفتی ارتقاء الحسن کاندھلوی، مفتیٔ اعظم پنجاب کے دست مبارک سے اکیڈمی کے سالانہ کیلنڈر 2024 کا اجراء کیا گیا۔
اس قومی مشاعرہ میں ملک بھر سے قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ شعراء نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر تابش ؔمہدی، پروفیسر شہپرؔ رسول، جناب اتنظارنعیمؔ، جناب عزمؔ شاکری، ڈاکٹرسید اعجاز الدین المعروف پاپولرؔ میرٹھی، ڈاکٹرطارق ؔقمر، ڈاکٹرسلمیٰ شاہین، جناب معروف ؔرائے بریلوی، ڈاکٹرصابرؔبہٹوی، محترمہ ریشماؔزیدی اور ڈاکٹرضمیراعظمیؔ کے نام قابل ذکر ہیں۔مشاعرے کے آغاز پرحاضر سبھی مہمانان اور شعراء کرام کو بکے پیش کیے گئے اور شمع روشن کرکے باقاعدہ طور پر مشاعرے کا آغازکیا گیا۔مشاعرہ کی نظامت کے فرائض مقبول شاعر جناب معروف رائے بریلوی نے اپنے منفرد لب و لہجہ میں بحسن وخوبی انجام دیے۔اس پُروقارقومی مشاعرہ میں حاضر سبھی شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اور خوب داد تحسین حاصل کی۔ شعراء کے کلام کانمونہ بطور خاص ملاحظہ فرمائیں:
تمہاری گفتگو کرتا رہوں گا، تمہاری جستجو کرتا رہوں گا
تمہارے نام پر سب کچھ لٹاکر، خود کو سرخرو کرتا رہوں گا
ڈاکٹرتابشؔمہدی
میں نے بھی دیکھنے کی حد کر دی
وہ بھی تصویر سے نکل آیا
پروفیسرشہپرؔرسول
دل کا لہو سلیب سے ٹپکا نہیں ابھی
رودادِ عشق یونہی مکمل نہ کیجیے
جناب انتظار نعیمؔ
جس جگہ پہلے کے زخموں کے نشاں ہیں
پھر وہیں پر چوٹ ماری جا رہی ہے
جناب عزمؔ شاکری
کتنی دولت ہے نیتا کلّن پر،ان کے جیسے امیر بن جاتے
دستخط تو تمہیں بھی آتے ہیں، ابّا تم بھی وزیر بن جاتے
ڈاکٹرپاپولرؔمیرٹھی
وہ میرے خواب کی تعبیر تو بتائے مجھے
میں دھوپ میں ہوں مگر ڈھونڈتے ہیں سائے مجھے
ڈاکٹرطارقؔقمر
شکار ہو گیا وہ خود ہی اس زمانے کا
جواز ڈھونڈ رہا تھا مجھے مٹانے کا
ڈاکٹرسلمیٰ شاہینؔ
یقین مانو اردو جو بول سکتا ہے
وہ پتھروں کا جگر بھی ٹٹول سکتا ہے
جناب معروفؔ رئے بریلوی
بھلے ذرا سا ہو لیکن ضرور ہوتا ہے
بلندیوں پہ پہنچ کر غرور ہوتا ہے
ڈاکٹرصابرؔبہٹوی
ڈوب جانے میں قباحت تو نہیں تھی لیکن
کوئی دریا تو مری سوچ سے گہرا ہوتا
محترمہ ریشما ؔزیدی
دل میں کوئی جو بسا ہو تو غزل ہوتی ہے
کوئی کانٹا سا چبھا ہو تو غزل ہوتی ہے
ڈاکٹرضمیرؔاعظمی
مشاعرہ کے آخر میں صدرمشاعرہ ڈاکٹرتابشؔ مہدی صاحب نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان وادب کی ترویج و ترقی کے لیے اکیڈمی کا ایک اہم کردارہے۔ انہوںنے اردو کے فروغ کے لیے اکیڈمی کی بہترین کارکردگی اور آج کے اس کامیاب ترین قومی مشاعرہ کے انعقاد پر اکیڈمی کے اراکین اوراسٹاف کو مبارکباد پیش کی۔آخرمیں سبھی شعراء کا مہمان خاص ڈاکٹر محمد جمیل الرحمن کی طرف سے ٹرافی اور شال دیکر اعزازوکرام کیا گیا۔ اس ادبی تقریب میں شہر اور بیرون شہر سے ایک بڑی تعدادمیں معزز شخصیات نے شرکت کی اور شعراء کے کلام سے خوب محظوظ ہوئے۔
کیپشن: قومی مشاعرہ میں سالانہ کلنڈر کا اجراء کرتے ہوئے مہمانان اور شعرا ء کے کلام سے محظوظ ہوتے ہوئے مہمانان اور سامعین ( ظہور)
(اگر زحمت نہ ہو تو ادبی میراث کے یوٹیوب چینل کو ضرور سبسکرائب کریں https://www.youtube.com/@adbimiras710/videos
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page