سوال (81)
ڈائمنڈ پر زکوٰۃ کس طرح نکالی جائے گی؟
جواب :
اگر کوئی ڈائمنڈ کی تجارت کرتا ہو تو مالِ تجارت کی حیثیت سے اس پر زکوٰۃ ہوگی _ استعمالی ڈائمنڈ پر زکوٰۃ نہیں _
سوال (82)
کاروبار میں چھ لاکھ روپے نفع نقصان کی بنیاد پر لگائے گئے _ اس سے جو نفع ہوتا رہا وہ ہر مہینے ملتا رہا ۔ اس رقم کی زکوٰۃ ادا کی جاتی رہی ۔ تقریباً ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوا کاروبار بند ہو چکا ہے ۔ طے شدہ معاہدہ کی رو سے کاروبار بند ہونے پر اصل رقم واپس ہونی چاہیے ، لیکن یہ کب واپس ہوگی؟ یقینی نہیں ہے ۔ کیا ایسی صورت میں زکوٰۃ کی ادائیگی ضروری ہے؟
جواب :
زکوٰۃ صرف منافع پر نہیں ، بلکہ اصل رقم پر بھی واجب ہوتی ہے _ کاروبار بند ہونے کے بعد آپ کی جو رقم دوسرے کے پاس ہے ، اس پر بھی آپ کو زکوٰۃ ادا کرنی ہے ، الا یہ کہ وہ ڈوب گئی ہو اور اس کے ملنے کی امید باقی نہ رہی ہو _
سوال (83)
کیا زکوٰۃ کی رقم سے افطار کروا سکتے ہیں؟
جواب :
افطار میں زکوٰۃ کا پیسہ خرچ کرنا جائز نہیں ہے _ الا یہ کہ کسی غریب آبادی میں اجتماعی افطار کا نظم کیا جارہا ہو تو اس میں زکوٰۃ کا پیسہ لگا سکتے ہیں _
سوال (84)
کچھ پیسہ شیرز میں لگا رکھا ہے _ کیا اس پر زکوٰۃ ہے؟ اگر ہاں تو جتنا پیسہ انوسٹ کیا تھا اس پر زکوٰۃ عائد ہوگی یا آج کی تاریخ میں اس کی جتنی ویلو ہے اس پر؟
جواب :
شیئرز پر زکوٰۃ ہے _ ان کی آج جتنی قیمت ہے اس پر ادا کرنی ہوگی _
سوال (85)
کیا بہن اپنے غریب بھائی کو زکوٰۃ دے سکتی ہے؟
جواب :
جس کی کفالت آدمی کے ذمے نہ ہو اسے زکوٰۃ دی جاسکتی ہے _ بہن اپنے بھائی کو زکوٰۃ دے سکتی ہے _
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

