کچھ دن پہلے کی بات ہے۔ مجھے اشرف بک ایجنسی، روالپنڈی پر جانا ہوا تو نامور ادیب "ایم۔اے راحت” کی بچوں کے لئے لکھی گئی کہانی کا مجموعہ نظرآیا جو پاکٹ سائز میں تھا۔ میرے لئے یہ بڑا انکشاف تھا کہ انہوں نے بچوں کے لئے لکھا ہے۔ان کے علاوہ بھی کئی نامور ادیب بچوں کے لئے کہانیاں لکھ چکے ہیں تاہم پاکٹ سائز کہانیوں کے مجموعے کے حوالے سے ایم۔اے ۔راحت کی کہانیاں ہماری نظر میں آئی ہیں جس نے دل دل باغ باغ کیا کہ نامور ادیبوں نے پاکٹ سائز کتب کو اہمیت دی اوربچوں کے لئے معیاری، سبق آموز کہانیاں لکھیں اوران کو مطالعے سے جوڑنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
حال ہی میں تحریک برائے بچوں کا ادب کے تحت محترمہ "فاکہہ قمر” کی دو پاکٹ سائز کہانیوں کے مجموعے’’ ڈینگی ڈریکولا ‘‘ اور’’ببلی اورپی جی اوٹائیگر‘‘ پاکستان بھرمیں طلب کیے گئے ہیں جو کہ حیرت زدہ کر گیا ہے کہ آج بھی بچے کہانیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اورپڑھنا چاہتے ہیں۔پاکستان میں یہ شوروغل سنائی دیتا ہے کہ بچے کتب بینی سے دورہو چکے ہیں یا وہ کہانیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔ اس کی بہت سی وجوہات ہیں لیکن اہم وجہ یہ ہے کہ پاکٹ سائز میں کہانیوں کی اشاعت کو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ سنجیدگی سے نہیں لیا گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کی اکثریت کہانیوں، رسائل اورکتب کے مجموعے خریدنے سے دورہوتی چلی گئی ہے کہ مہنگی کتب، رسائل ان کی دسترس میں نہیں آسکے تھے یوں وہ دیگر جدیدایجادات کی جانب مشغول ہو گئے ہیں۔
میرے خیال میں پاکٹ سائزکہانیاں بچوں کی دسترس میں کم قیمت ہونے کی وجہ سے بہت آسانی سے آسکتی ہیں۔ہم سب آج کوشش کر رہے ہیں کہ بچوں کو ازسرنوکہانیوں، رسائل اورکتب سے جوڑا جائے تواس کے لئے یہ ضروری ہوگا کہ ہر لکھاری اپنی پاکٹ سائز کہانیوں کے مجموعے شائع کروائے اوراپنے شہر کے تعلیمی اداروں میں ان کومفت تقسیم یا فروخت کرے۔ یہ لکھاری کے لئے جہاں قارئین بنانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا وہیں مستقبل میں صاحب کتاب بننے کی صورت میں کتاب کی فروخت میں بھی اہم کردار ادا کرے گا کہ لکھاری کے قارئین ا پنے ہی شہر میں جنم لے چکے ہونگے۔جو اس کی کہانیوں یا کتب خریدنے میں دلچسپی رکھیں گے۔
راقم السطور کی خواہش ہے کہ بچوں کے لئے پاکٹ سائز کتب کے چند مخصوص موضوعات پر کہانیوں کے مجموعے ایک سیٹ کی صورت میں شائع کیے جائیں جوسچائی نمبر، جھوٹ نمبر،اچھائی نمبر، اسلام نمبر، سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نمبر،وطن دوستی نمبر، سائنس فکشن نمبر اورسائبر کرائم نمبر یا دیگر کسی خاص عنوان کے تحت شائع کیے جائیں جس میں مختلف لکھنے والوں کی کہانیوں ہوں تاکہ بچوں کو اپنے پسندیدہ مصنف کے انتخاب کا موقعہ ملے اورآئندہ اُس کی کتب پڑھنے کو اپنا معمول بنا لے۔
اس تجویز کا بنیادی مقصد بچوں میں معلومات کے ساتھ ساتھ مثبت سوچ بیدار کرنا، معلومات فراہم کرنا اورمطالعے و کتب دوستی پر مائل کرنا ہے۔ان پاکٹ سائز کہانیوں کو تمام تعلیمی اداروں میں مفت تقسیم کیا جائے ۔اس کام کے لئے صاحب ثروت حضرات کا تعاون حاصل کیا جائے یا پھر تشہیری ادارے اپنے اشتہارات دیں تاکہ پاکستان بھر کے بچوں تک ان کہانیوں کے مجموعے پہنچائے جا سکیں۔ اس حوالے سے والدین بھی ذمہ داری اُٹھائیں اوربچوں کو کم قیمت پاکٹ سائز کتب خرید کر دیں تاکہ وہ فرصت کے لمحات میں دل چسپ اورمعیاری کہانیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
یا درہے کہ ہم بچوں کو کہانیاں سنائیں گے اورپڑھنے کو دیں گے تو ہی وہ کہانیوں اورکتب کی جانب مائل ہونگے اورآج کے دور میں جب بچوں کا گھر سے باہر رہنا خطرناک ثابت ہو رہا ہے ایسے میں گھر پرقید کرنے کے لئے ان کہانیوں کی جانب مائل کرنا بہت سے مسائل سے محفوظ کر سکتا ہے۔ راقم السطور کے اردگرد موجود بچے آج بھی کہانیوں کو سننا چاہتے ہیں اوروہ کہانیوں کے نت نئے آئیڈیاز بھی دیتے ہیں جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ کچھ بچے آج بھی ایسے موجود ہیں جو پڑھنا چاہتے ہیں ۔
اگرہم نے پاکٹ سائز کتب کو بچوں تک پہنچا دیا توقارئین کا حلقہ بھی بنے گاجورفتہ رفتہ وسعت اختیار کرے گا۔مزید براں قومی زبان کے فروغ، سیکھنے اوربچوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس حوالے سے پانچویں جماعت کے بچوں میں پاکٹ سائز کتب کو مفت تقسیم کرایا جائے تو اس کے بہت جلد دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔اس حوالے سے تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اوروالدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو پاکٹ سائز کہانیوں کی کتب ہر ماہ بطور تحفہ دیں تاکہ بچے کتاب دوست بن سکیں۔بچوں کی کتب سے دوستی کے لئے پاکٹ سائز کتب بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہیں لیکن یہاں یہ یاد رکھی جائے کہ سبق آموز اورمعیاری کہانیاں اشاعتی ادارے شائع کریں تاکہ والدین بچوں کو کہانیاں پڑھنے سے نہ روکیں۔
پاکٹ سائز کتب کے حصول کے لئے الاسد پبلی کیشنز ، لاہور کے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
04237224472/ 04237351214
03314062934
کراچی میں بزم ادب پبلی کیشنز بھی پاکٹ سائز کتب شائع کر رہا ہے جو کہ اس نمبر 03232920497پررابطہ کرکے گھر بیٹھے منگوائی جا سکتی ہیں۔
۔ختم شد۔
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page