میرے بہت سے احباب ، بہنوں اور بیٹیوں کو دل چسپی ہے کہ میں اپنی ان دواؤں کا تذکرہ کروں جو میں نے کورونا میں مبتلا رہنے کے دوران میں استعمال کی ہیں اور جن سے مجھے شفا ملی ہے _ صحیح بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات مؤثرِ حقیقی ہے _ دوائیں سب استعمال کرتے ہیں ، کسی کو فائدہ ہوجاتا ہے ، کسی کو نہیں ہوتا _ بہر حال ہمیں دوا استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے ، اس لیے ہمیں استعمال کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے اس کی تاثیر کی امید رکھنی چاہیے _
مجھے کورونا کی تشخیص ہوئی تو ڈاکٹر صاحب نے چند ایلوپیتھک دوائیں لکھیں _ دو دن تک وہ دوائیں نہ مل سکیں ، اِدھر میں نے گھریلو ، ہومیوپیتھک اور یونانی دوائیں لینی شروع کردیں ، پھر میں نے ایلوپیتھک دواؤں کا خیال نہ کیا _ الحمد للہ دو ہفتے کی سخت احتیاط اور دواؤں کی پابندی سے مجھے پوری طرح آرام مل گیا ہے _ میری طرف سے یہ ‘درویشی نسخہ’ ان شاء اللہ ہر اس شخص کے لیے فائدہ مند ہوگا جو کورونا میں مبتلا ہے ، یا اس میں اس کی علامتیں پائی جاتی ہیں ، بس شرط یہ ہے کہ پابندی سے اس کا استعمال کیا جائے اور ناغہ بالکل نہ کیا جائے :
(1) کثرت سے دعا کا اہتمام کریں _ خاص طور پر اس آیتِ کریمہ کا وِرد کریں : وَاِذَا مَرِضۡتُ فَهُوَ يَشۡفِيۡنِ (الشعراء : 80) "اور جب مجھے بیماری لگتی ہے تو میرا رب ہی ہے جو مجھے شفا دیتا ہے ۔”
[ جو عورتیں ماہ واری میں ہوں وہ بھی اسے پڑھ سکتی ہیں _ ]
(2) صرف گرم پانی کا استعمال کریں _ ( ٹھنڈا پانی ہرگز نہ پییں _)
(3) صبح شام غرارہ کریں _
(4) صبح شام درج ذیل کاڑھا استعمال کریں :
اجوائن چائے کا آدھا چمچہ ، بڑی الائچی ایک عدد ، لونگ پانچ عدد ، کلونجی آدھے چمچے سے کم ، کالی مرچ پانچ عدد ، دار چینی کی لکڑی ایک انگلی کے برابر ، تھوڑی ادرک ، ذرا سا نمک _
ان تمام چیزوں کو ایک گلاس پانی میں ابالیں _ جب پانی ایک کپ رہ جائے تو اسے چھان لیں ، پھر چائے کی طرح اسے پییں _
(اگر اس سے دست آنے لگیں تو دواؤں کی مقدار کم کردیں _ )
(5) صبح شام بھپارہ لیں :
مذکورہ بالا دواؤں کو چھاننے کے بعد ان میں تھوڑی اجوائن اور شامل کرلیں ، پھر ان کو ایک بھگونے میں ابالیں ، اس کے بعد اس کا بھپارہ لیں _
(6) ممکن ہو تو کچھ ڈرائی فروٹ لیں :
کھجور ، بادام ، کاجو ، آخروٹ ، کِشمِش ، وغیرہ
(7) کچھ تازہ پھل کھائیں :
سیب ، خربوزہ ، پپیتا وغیرہ
(8) انار اور ناریل کا جوس لیں _
(9) ناشتہ میں جَو کا دلیا دودھ کے ساتھ لیں _ ( جَو کا نہ ملے تو گیہوں کا لیں _ )
(10) کھانا ہرگز نہ چھوڑیں _ معمول کا کھانا اچھا نہ لگے تو دَلیا دودھ کے ساتھ لیں _
(11) یہ یونانی دوائیں لیں :
* شربتِ توت سیاہ ، 25 ملی لیٹر ، تین اوقات [ اس سے کھانسی کے نتیجے میں حلق میں پیدا ہونے والی سوجن اور تکلیف دور ہوگی _ ]
* شربتِ نزلہ ، 10 ملی لیٹر ، صبح شام
* لعوقِ سپستاں ، 5 گرام ، صبح شام
* اطریفل کشنیزی ، 5 گرام ، صبح شام
* حبِّ نزلہ ، دو گولیاں ، صبح شام
* حبِّ بخار (جب بخار 100F سے زیادہ ہو _) [ بخار کے لیے Crocin 650 یا Dolo 650 بھی لے سکتے ہیں _ ]
(12) کلونجی کا تیل ، 5 ملی لیٹر ، صبح شام پییں _
(13) زیتون کا تیل ناک میں ڈالیں _
(14) ہومیوپیتھک کی یہ دوائیں آٹھ آٹھ گھنٹے کے وقفے سے استعمال کریں ، پانچ پانچ بوندیں : پہلے
* Arsenic album 200
پھر دس منٹ کے بعد
* Psorinum Dilution 200
(15) سانس لینے میں دشواری ہو تو خون میں آکسیجن کا لیول چیک کریں _ اس کے لیے ایک چھوٹی سی مشین Oximeter کے نام سے آتی ہے _ اسے شہادت کی انگلی (انگوٹھے کے برابر والی) میں لگائیں _ لیول 95 سے اوپر نارمل ہے _ اس سے کم ہونے لگے تو الٹے لیٹ کر زور زور سے سانس لیں _ لیول 90 سے کم ہونے لگے تو فکر کریں اور آکسیجن سلینڈر کا انتظام کریں _
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کورونا سے متاثرین کو جلد از جلد مکمل شفا عطا فرمائے ، آمین یا رب العالمین!
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

