سوال (11)
کیا روضۂ نبوی پر دوسرے کی طرف سے سلام پہنچا سکتے ہیں؟
جواب :
روضۂ نبوی پر ایک شخص اپنا سلام پڑھ سکتا ہے ، اسی طرح دوسرے کی طرف سے بھی سلام پہنچا سکتا ہے _
سوال (12)
حج میں رمی ، قربانی ، اور حلق میں ترتیب ضروری ہے ، ورنہ دم لازم ہوتا ہے _ قربانی کی رقم حج کمیٹی کو دے دی جاتی ہے _ ایسے میں کوشش تو یہی ہوتی ہے کہ قربانی کا وقت معلوم کیا جائے اور اسی کے بعد حلق کرایا جائے _ لیکن اگر ترتیب باقی نہ رہے اور مزید دم دینے کی قدرت بھی نہ ہو تو کیا کیا جائے؟
جواب :
فقہ حنفی کے مطابق حج میں رمی ، قربانی ، اور حلق میں ترتیب ضروری ہے ، ورنہ دم لازم ہوگا _ لیکن اگر حاجی کوشش کے باوجود انتظامی پیچیدگیوں کی وجہ سے ترتیب ملحوظ نہ رکھ سکے تو مجبوری میں جس طرح بھی ان افعال کی ادائیگی ہوجائے ، کرلے _ صاحبین (قاضی ابو یوسف اور امام محمد) اور آئمہ ثلاثہ کے نزدیک ترتیب واجب نہیں اور خلافِ ترتیب مناسک انجام دینے کی صورت میں دم واجب نہیں _
سوال (13)
عشرۂ ذی الحجہ میں عمرہ کرنے کے بعد کیا بال بنوانا ضروری ہے؟
جواب :
عمرہ میں حلق (سر کے بال منڈوانا) یا قصر (بال چھوٹے کروانا) ضروری ہے ، چاہے ایام ذی الحجہ ہو یا کوئی اور ایام _
سوال (14)
کیا مکروہ اوقات ( مثلاً فجر کے بعد طلوعِ آفتاب تک ، زوال کے وقت یا بعد عصر غروبِ آفتاب تک) میں طواف کے بعد دو رکعت نفل پڑھ سکتے ہیں؟
جواب :
مکروہ اوقات میں طواف کرنے کی اجازت ہے ، لیکن طواف کے بعد کی نفل نہیں پڑھنی چاہیے ، بلکہ وقت نکلنے کا انتظار کرنا چاہیے ، اس کے بعد ادا کرنی چاہیے _
سوال (15)
مسجد حرام میں نماز کے لیے جگہ نہیں ملتی اور بہت سے حجاج کرام کو مسجد کے صحن اور بہتوں کو راستوں پر نماز باجماعت ادا کرنی پڑتی ہے _ مسجد حرام میں نماز پڑھنے کا اجر ایک لاکھ گنا بتایا گیا ہے _ کیا یہ اجر مسجد حرام کے صحن اور راستوں پر نماز پڑھنے والوں کو بھی ملے گا؟
جواب :
اللہ تعالیٰ کے خزانوں میں کوئی کمی نہیں ہے _ وہ مسجد حرام کے صحن اور راستوں پر نماز پڑھنے والوں کو بھی اتنا ہی اجر دے سکتا ہے جتنا اندر پڑھنے والوں کو دے گا _
سوال (16)
دوا لینے کی بنا پر یا بیماری کی وجہ سے پیشاب پر کنٹرول نہیں رہتا _ ایسی صورت میں دورانِ طواف یا دورانِ نماز کیا کیا جائے؟
جواب :
ایسے لوگ اندر ایک کپڑا رکھ لیں ، تاکہ پیشاب اسی میں جذب ہوتا رہے _ پیشاب کے قطرے نکلنے کی وجہ سے ان کا وضو نہیں ٹوٹے گا _ ان کے لیے ایک نماز کے وقت میں ایک وضو کافی ہے _
سوال (17)
مسجدِ نبوی میں ریاض الجنۃ میں خواتین کے لیے وقت مقرر ہے ۔ وہاں جانا آسان نہیں ہوتا ۔ مدینہ منورہ میں قیام کے دوران ایک مرتبہ وہاں جانا کافی ہے ، یا روزانہ جانا ضروری ہے؟
جواب :
ریاض الجنۃ میں حسب سہولت جتنا وقت گزارا جاسکتا ہو ، کافی ہے _ روزانہ جانا ضروری نہیں _
سوال (18)
کیا مسجدِ نبوی میں 40 نمازیں پڑھنا ضروری ہے؟ اس کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے _
جواب :
بعض احادیث میں مسجدِ نبوی میں 40 نمازیں پڑھنے کی فضیلت بیان کی گئی ہے ، لیکن وہ احادیث ضعیف ہیں _ مسجدِ نبوی میں نماز پڑھنے کی فضیلت کسی دوسری مسجد میں نماز پڑھنے سے زیادہ ہے ، اس لیے کوشش کرنی چاہیے کہ اس میں زیادہ سے زیادہ نمازیں ادا ہوں _
سوال(19)
کیا یہ صورت جائز ہے کہ ذبح ایک شخص کرے اور دعا کوئی دوسرا شخص پڑھے؟
جواب :
جی، یہ صورت جائز ہے _
سوال (20)
کیا کوئی عورت قربانی کا جانور اپنے ہاتھ سے ذبح کرسکتی ہے؟
جواب :
جی ہاں ، یہ جائز ہے _
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |
Home Page