کل شب بصیرت آن لائن کے ہفتہ وار پروگرام ‘روبرو’ میں ‘موجودہ حالات میں ناموسِ رسالت کا تحفّظ اور مسلمانوں کی ذمے داریاں’ کے عنوان پر ایک آن لائن ڈسکشن ہوا ، جس میں راقم کے علاوہ مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ العلماء مہاراشٹر ، مولانا ثناء اللہ صادق ساگر تیمی مترجم حرمِ مکی اور مولانا عباس رضوی ترجمان رضا اکیڈمی ممبئی نے شرکت کی _ مولانا غفران ساجد قاسمی اینکر تھے _
یوں تو اپنے ملک میں اسلام اور پیغمبرِ اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ عرصۂ دراز سے جاری ہے ، لیکن گزشتہ چند دنوں سے اس میں شدّت آگئی ہے _ بعض نام نہاد مذہبی مہنت اپنی بدباطنی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اب اس میں ایک ایسا ناہنجار شخص بھی جڑ گیا ہے جو مسلمانوں جیسا نام رکھتا ہے ، لیکن وہ مسلسل بہت بڑھ چڑھ کر اپنی خباثت کا اظہار کررہا ہے _ اس صورت میں مسلمانوں کا بے چین ہونا فطری ہے _
ڈسکشن میں یہ بات کھل کر سامنے آئی کہ ایسے موقع پر مسلمانوں کو اپنے ردِّ عمل کا اظہار کرنا چاہیے ، لیکن ضروری ہے کہ وہ حکمت اور دانش مندی کو ملحوظ رکھیں ، تاکہ ایسا نہ ہو کہ دشمن ان کے خلاف سازشوں کا جو جال بچھا رہے ہیں اس میں پھنس جائیں _
پورے ڈسکشن کا خلاصہ درج ذیل نکات کی صورت میں بیان کیا جاسکتا ہے :
(1) اللہ کے رسول ﷺ سے محبت کیے بغیر کسی شخص کا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا _ ضروری ہے کہ مسلمان آپ سے محبت کریں اور اس کا اظہار بھی کریں _
(2) رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں اور زندگی کے تمام معاملات میں آپ کا اسوہ اختیار کریں _
(3) آپ کی سیرتِ طیبہ اور پاکیزہ تعلیمات کا مثبت انداز میں تعارف کرائیں _
(4) مختلف سطحوں پر جا بجا سیرتِ طیبہ کے پروگرام منعقد کریں اور ان میں برادرانِ وطن کو بھی مدعو کریں _
(5) سیرتِ نبوی کا عمومی تعارف کرانے کے لیے سوشل میڈیا کے تمام ذرائع کا استعمال کریں _ مختلف زبانوں میں تعلیماتِ نبوی پر مشتمل مختصر ویڈیو کلپس تیار کرکے انہیں زیادہ سے زیادہ پھیلائیں _
(6) رسول اللہ ﷺ کے بارے میں دیگر مذاہب کی سنجیدہ اور مؤقّر شخصیات کے اچھے تاثرات کو عام کریں _
(7) رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیّبہ کے بارے میں جو غلط باتیں کہی جارہی ہیں ان کا مثبت انداز میں اور سنجیدگی کے ساتھ جواب دیں _
(8) ذاتِ نبوی کی توہین کی جائے تو اس پر بے چین ہوں اور مناسب اور شائستہ انداز میں اپنے ردِّ عمل کا اظہار کریں _
(9) جو لوگ رسالت مآب ﷺ کی توہین کے مرتکب ہو رہے ہیں ان کے خلاف مقامی انتظامیہ کے یہاں میمورنڈم دیں _
(10) ماہر وکلاء سے مشاورت کرکے اگر ضرورت ہو تو ایسے بدباطن لوگوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں _
(11) یہ گھناؤنی حرکتیں کرنے والے ایسا کرکے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا چاہتے ہیں _ انہیں ان کے مذموم مقاصد میں کام یاب نہ ہونے دیں _
(12) نفرت کا جواب نفرت سے ہرگز نہ دیں _ مذموم پروپیگنڈہ کا رد کرتے ہوئے اشتعال انگیز زبان ہرگز استعمال نہ کریں _
(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ ادبی میراث کاان سےاتفاق ضروری نہیں)
| ادبی میراث پر آپ کا استقبال ہے۔ اس ویب سائٹ کو آپ کے علمی و ادبی تعاون کی ضرورت ہے۔ لہذا آپ اپنی تحریریں ہمیں adbimiras@gmail.com پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ |

