کوا آج چپ تھا۔
اس کی کائیں کائیں کی آواز نے ناک میں دم کر دیا تھا لیکن آج اتنی خاموشی کوے کے خلاف فطرت تھی مگر اس نے سوچا ہوتا ہے کبھی کبھی خلاف فطرت بھی کچھ ہوتا ہے۔
سامنے ہنس بھی خاموش بیٹھا تھا لیکن یہ خلاف فطرت بات نہیں تھی۔وہ شروع ہی سے خاموش رہا کرتا تھا۔جب سے تالاب پر جنگلی جانوروں کی حکومت ہوئی حیران ہونے کی ضرورت نہیں، ضروری تھوڑی ہے پانی پر پانی کے جاندار ہی ہوں۔ حکومت کے لۓ طاقتور ہونا ہی کافی ہوتا ہے صلاحیت بعد کی چیز ہے وہ بھی بے حد ضروری نہیں۔ وہ زمین پر ہی مرغیوں کی طرح دانہ چگتا تھا۔ایک حیران کن بات یہ تھی کہ وہ گرد آلود زمین پر بھی صاف و شفاف اور چمکتا دکھائی دے رہا تھا جبکہ کوا سفید بادلوں کے درمیان بھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب وہ کچھ سوچ نہیں رہا تھا کچھ کچھ سمجھ رہا تھا۔
نسیم اشک
ہولڈنگ نمبر10/9گلی نمبر3
جگتدل 24 پرگنہ مغربی بنگال
فون۔9339966398
e-mail : nasimashk78@gmail.com